فاضل شفیع بٹ
فیس بک ایک آن لائن سوشل میڈیا ویب سائٹ ہے جس کا آغاز فروری 2004 میں کیا گیا۔ شروعات میں فیس بک کی سائٹ محض کالج تک محدود تھی لیکن کچھ ہی مدت میں فیس بک سائٹ کو پوری دنیا کی پذیرائی مل گئی۔ یہ ایک ایسی آن لائن سوشل میڈیا سائٹ ہے جس کی بدولت ہم ایک دوسرے سے جب چاہے رابطے میں رہ سکتے ہیں اور اپنی مرضی سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکتے ہیں۔ فیس بک پر ہر ماہ 2.5 بلین تصاویر اپلوڈ ہوتی ہیں۔ فیس بک دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے۔ فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد دو ارب ہے۔ فیس بک کی ایجاد سے لوگ ایک دوسرے کے قریب تو آگئے لیکن اس کی وجہ سے صارفین ناخوش اور حسد کی عادت میں مبتلا ہوکر ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے۔ یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کی جانب سے کی گئی ایک تازہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا( فیس بک) استعمال کرتے ہوئے ایک ہفتے کی بریک لیتے ہیں ،وہ اپنی زندگی سے زیادہ خوش ہونے کے ساتھ ساتھ زیادہ ترقی کرتے ہیں جبکہ فیس بک استعمال کرنے والوں میں نا خوش رہنے کا رجحان زیادہ پایا گیا۔
اگر بات جموں و کشمیر کی جائے تو پچھلے چند سال سے یہاں فیس بک کا استعمال عجیب و غریب انداز سے ہو رہا ہے۔ ایسی ایسی ویڈیوز یا پوسٹس دیکھنے کو ملتی ہیں کہ انسان کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ شوہر اور بیوی کے نجی مسائل کو فیس بک پر ویڈیو کی صورت میں اَپ لوڈ کیا جاتا ہے اور لوگوں سے رائے طلب کی جاتی ہے۔ صارفین شوہر یا بیوی میں سے کسی ایک کو یا دونوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بنا کر ان کی خوب خبر لیتے ہیں۔ بات صرف یہاں تک می محدود نہیں ہے بلکہ اب تو فیس بک ہمارےیہاں کے بعض ائماء و علماء کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں سے وہ پیسے کمانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے۔اکثر بےسود مسائل کا ذکر چھیڑ کر اور ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناکر اپنے اپنے پیروکاروں کو خوش کرتے رہتے ہیں۔
فیس بک واحد جگہ ہے جہاں آپ کے درد کو بھی لائک کیا جاتا ہے، ایک ایسی جگہ جہاں کسی کے درد کا تماشہ بنا دیا جاتا ہے۔ آج کل یہ بخوبی دیکھا جا سکتا ہے کہ روز بروز فیس بک پر دِل دہلا دینے والی ویڈیوز اَپ لوڈ کی جاتی ہیں، مثلاً کسی جگہ حادثہ ہوجاتا ہے، تو سب سے پہلے حادثے کو کیمرے میں قید کیا جاتا ہے۔ کوئی انسان موت اور زیست کی کشمکش میں آہ و فغاں کرتا رہتا ہے لیکن مدد کرنے سے پہلے اس کی ویڈیو بنائی جاتی ہے اور فیس بک پر اپلوڈ کی جاتی ہے۔ اتنا ہی نہیں انسان کا ضمیر اس قدر مر چکا ہے کہ فیس بک پر شہرت حاصل کرنے کے لیے اب مُردوں کو بھی بخشا نہیں جاتا، دنیا سے رخصت ہونے والے عزیز نوجوانوں، بہنوں اور بیٹیوں کی تصاویر اور ویڈیوز کو ان کے اہل خانہ کی اجازت کے بغیر فیس بک پر اَپ لوڈ کیا جاتا ہے۔ دراصل جب سے فیس بک نے مونیٹائزیشن کا عمل شروع کیا ہے یعنی فیس بک چینل یا پیج سے پیسے کمانے کا ایک طریقہ کاربن گیا، تب سے ایسی چیزوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ خواہ کسی کا جنازہ ہو، کسی کی شادی ہو، کوئی شراب پی کر پکڑا گیا ہو، کوئی چوری کی واردات میں پھنس گیا ہو، یہاں تک کہ لحد میں ڈالتے وقت مُردے کی بھی ویڈیو بنا کر فیس بک پر اَپ لوڈ کی جاتی ہے۔
فیس بک کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان یہاں کی صحافت کو پہنچا ہے۔ ہاتھ میں مائیک لے کر کوئی بھی شخص اپنے نام کے آگے فیس بک پر جرنلسٹ لکھ دیتا ہے اور بہت دفعہ جعلی اور غیر مستند خبروں کو آگ کی طرح پھیلانے میں ان لوگوں نے اچھا خاصا کردار نبھایا ہے۔ فیس بک پر سب سے بڑی فوج خودساختہ صحافیوں کی ہے، جو ایسی ویڈیوز اپلوڈ کرتے رہتی ہے، جن کا صحافت سے دور دور تک کا واسطہ نہیں ہوتااور لوگوں کو ان ویڈیوز کو شیئر کرنے کی تلقین کرتے رہتے ہیں۔ دراصل ان کا مقصد صحافت نہیں بلکہ خود کو اور اپنے پیج یا چینل کو پروموٹ کرنا ہوتا ہے، جو بعد میں ان کی کمائی کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے۔ کچھ صحافی حضرات کسی کہانی کو لے کر زور زور سے سر پیٹتے رہتے ہیں ،کیونکہ ایسی ویڈیوز سب سے زیادہ شیئر ہوتی ہیں اور ایسی ویڈیوز پر اچھی خاصی وئوز بھی حاصل ہوتی ہیں۔ بات یہاں ختم نہیں ہوتی، دین کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنانا اب عام سی بات ہوگئی ہے۔ کبھی روٹی پر اللہ کا نام، کبھی تربوزے پر تو کبھی آم پر، اسی طرح بادل میں اُڑتا ہوا گھوڑا دکھانا، چاند پر خانہ کعبہ کی تصویر دکھانا وغیرہ وغیرہ اور پھر اللہ کا واسطہ دے کر ان ویڈیوز کو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی تلقین کرنا محض ایک جھوٹی ترکیب کے سوا کچھ نہیں۔ یہ ویڈیوز کو ایڈٹ کر کے ایک نیا فرضی ویڈیو بنا کر پیسے کمانے کے طریقے ہیں۔ یہاں پوسٹ یا ویڈیو کو دیکھنے سے پہلے ہی شیئر کیا جاتا ہے اور اس میں یہاں کی تعلیم یافتہ عوام بھی شامل ہے۔
سماج کے ناقص انسانوں کو بھی بخشا نہیں جاتا۔ محض صارفین کی تفریح کے لیے سیدھے سادے اور ذہنی امراض میں مبتلا لوگوں کا ویڈیو بنا کر فیس بک پر ڈالا جاتا ہے اور اس طرح ایک معذورانسان کا تماشہ بنا کر پوری دنیا کو دکھایا جاتا ہے ،پرائنک کال کرکے لوگوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے اور ایسی فحش چیزوں کو بڑی جلدی مقبولیت حاصل ہو جاتی ہے اور لاکھوں میں لوگ ایسی ویڈیوز کو دیکھنا پسند کرتے ہیں، ورنہ کسی انسان کا مذاق اڑا کر لاکھوں میں وئوز حاصل کرنا کیسے ممکن ہے؟ گویا فیس بک سے کوئی چیز نہ بچ سکی، کس کے گھر میں کیا پک رہا ہے، کون گھر سے باہر ہے، کون کھیتوں میں ہے، کون پکنک پر گیا ہے یہ تو چند معمولی سی باتیں ہیں۔ میرے ایک دوست نے مسجد میں نماز پڑھتے پڑھتے تصویر کھینچ کر اپنی بیوی کو ٹیگ کیا، تاکہ اس کو بھروسہ ہو جائے کہ اس کا شوہر نماز کا پابند ہے۔
میں یہ مضمون لکھ ہی رہا تھا کہ اچانک میرے فون سے زور سے ہنسنے کی آواز آئی۔ دیکھا تو فیس بک باتیں کرنے لگا۔ فیس بک بولا:’’ بھائی کیا لکھ رہے ہو، میں نے سب کچھ دیکھ لیا، تم بھی یہ مضمون لکھ کر فیس بک پر ہی اپلوڈ کرنے والے ہو! لیکن ایک بات سنو !تمہارے جموں و کشمیر کا خدا ہی حافظ! تمہارے لکھنے سے کچھ نہیں ہونے والا۔ میں نے پوری دنیا کا سفر کیا ہے لیکن جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ بدنام ہوا۔ باہری دنیا میں لوگ اچھی ویڈیوز اور پوسٹس کو پسند کرتے ہیں اور ضرورت ہونے پر شیئر بھی کرتے ہیں۔ لیکن یہاں کچھ الگ ہی ماجرا ہے۔‘‘
میں نے پوچھا بھائی کیا ماجرا ہے؟ فیس بک بولا : ’’ادھر آدمی کتنے بھی مفید ویڈیوز اپلوڈ کرے ،ان کو اردو اخبار کی طرح اور تمہارے مضمون کی طرح ردی ٹوکری میں پھینکا جاتا ہے، لائک اور شئیر تو دور کی بات ہے بلکہ اس کے برعکس فحش اور فرضی چیزوں کو یہاں کے لوگ بے حد پسند کرتے ہیں اور ان کو مزید پھیلانے میں پہل کرتے ہیں۔”
فیس بک مزید کہنے لگا :’’ اُس نے سنا تھا کہ نیکی کر دریا میں ڈال‘‘ مگر اِدھر تو معاملہ کچھ یوں ہے۔’’ کچھ بھی کر! فیس بک پر ڈال۔‘‘
میں نے فیس بک سے استدعا کی کہ اس سنگین مسئلے کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے؟ فیس بک کہنے لگا کہ وہ صرف اور صرف یہاں کے لوگوں کی سوچ پر منحصر ہے۔ میرے ہاتھ میں ہوتا تو میں ایسے افراد کے فیس بک اکاؤنٹ ہی حذف کر دیتا لیکن میں بھی کسی کا نوکر ہوں، میرا بھی کوئی مالک ہے۔ یہاں کوئی بھی بنا روک ٹوک کے اکاؤنٹ کھول سکتا ہے اور کچھ بھی واہیات اپلوڈ کر سکتا ہے۔ میں بھی تمہاری طرح بے بس ہوں۔ فیس بک کی آنکھوں میں آنسو کا سیلاب امڈ آیا۔ بیچارہ یہاں کے لوگوں سے بڑا پریشان تھا اور چلتے چلتے بول کے گیا کہ جب تک یہاں کے لوگوں کی سوچ میں بدلاؤ نہیں آئے گا، یہاں کے تعلیم یافتہ نوجوان لوگوں کو سوشل میڈیا کے صحیح استعمال سے آگاہ نہیںکیا جائے گا، محض پیسوں کی خاطر یا شہرت کی خاطر لوگ ویڈیوز بنانا بند نہیں کریں گے، تب تک بدلاؤ کی امید رکھنا بے کار ہے اور ہاں! اس مضمون کو بھی گنے چنے لوگ ہی پڑھیں گے۔بس اتنا کہہ کر فیس بک کی آواز آنی بند ہو گئ اور میں اس مضمون کو فیس بک پر اَپلوڈ کرنے میں مشغول ہوگیا۔
رابطہ۔9971444589
[email protected]