اشرف چراغ
کپوارہ/ ضلع کپوارہ میں مالی سال کے اختتام پر تعمیراتی کامو ں کی بھاری رقومات ضائع ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبران نے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی سے تعمیراتی کامو ں کی ایک بڑی رقومات ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیرمین عرفان سلطان پنڈت پوری کی صدارت میں کپیکس بجٹ سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع میں زیر تعمیر اور مکمل ہونے والے اہم پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جسمیں چھوٹے آبپاشی ،آر اینڈ بی ،تعلیم ،یوتھ سروسز اور کھیل کود ،صحت اور دیگر محکمو ں کی کارکردگی سے متعلق جانکاری دی گئی ۔اس موقع پر بتایا گیا سال2024-25کے کل منظورہ شدہ اخراجات میں7 67907.3لاکھ روپے شامل ہیں اور اس کی تاریخ تک جاری کردہ رقومات 50630.33لاکھ روپے ہیں اور اب تک کے اخراجات 39846.77لاکھ روپے ہیں جو کی 78.70فی صدہے ۔کونسل کے چیرمین نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں جاری ترقیاتی کامو ں کے کام میں تیزی لائیں تاہم تمام ڈی ڈی سی ممبران نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ مالی سال کے اختتام پر ترقیاتی کامو ں کی بھاری رقومات ضائع ہو سکتی ہے ۔تمام ممبرا ن نے کہا کہ رواں مالی سال کے کئے جو رقوما ت مختص کی گئی تھی اس میں بھاری رقومات ابھی تک خرچ نہیں کی گئی اور آفیسران کی سست روائی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اضافی چارج اور آفیسران کی کمی بھی اس رقومات کا خرچ نہ ہونے کی وجہ ہے ۔ممبران نے اپنے تا ثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ایک ایک بی ڈی او کو 4سے 5بلاک چارج میں تھے جس کی وجہ سے انتظامی امور چلانے میں دشواری پیش آئی کیونکہ جب کسی آفیسر کو اضافی چارج دیا جاتا ہے تو وہ دبائو میں ہوتا ہے اور وہ اپنے کام پر مکمل توجہ نہیں دے پاتے جس کی وجہ سے ترقیاتی کامو ں کو مکمل کرنے میں تا خیر ہوتی ہے اور لوگو ں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔