اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں طبی اداروں کی صورتحال اور سہولیات کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے کہ یہ جموں و کشمیر کا واحد ایسا ضلع ہے جہاں ضلع ہیڈکوارٹر پر کوئی ضلع ہسپتال نہیں ہے۔وادی کے سبھی تحاصیل صدر مقامات پر سب ضلع ہسپتال قائم کئے گئے ہیں، لیکن کپوارہ ضلع صدر مقام ہونے کے باوجود بھی محکمہ صحت نے اسے تسلیم نہیں کیا ہے۔شمالی ضلع میں 10میڈیکل بلاک قائم ہیں جہا ں 7سب ضلع ہسپتال ،31پرائمری ہیلتھ سنٹر ،23نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سنٹر ،6اے ڈی ،203سب سنٹر اور 33میڈیکل ایڈ سنٹر کام کررہے ہیں ۔اعدادوشمار کے لحاظ سے ایسا لگتا ہے کہ یہاں طبی مراکز کا جال بچھایا گیا ہے لیکن زمینی سطح پر ایسا نہیں ہے۔ ضلع کے 10 بلاکو ں میں ڈاکٹرو ں کی کل منظور شدہ اسامیو ں کی تعداد 292ہیں۔ ان میں 157کام کررہے ہیں اور دیگر 135 کی اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔ضلع کے 307چھو ٹے بڑے طبی مراکز میں سہولیات کا کوئی معقول انتظامات نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کو علاج و معالجہ کرانے میں سخت دشواریو ں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ 10میڈیکل بلاکوں میں عملے کی کمی اور ڈاکٹرو ں کی عدم دستیابی کے باعث طبی خدمات شدید متاثر ہو رہی ہیں ۔فوری اور مو ثر علاج کے حصول کے لئے مریضوں کو100کلو میٹر سے زیادہ کی مسافت طے کرکے سرینگر کے ہسپتالوں میں جانا پڑتا ہے۔ہسپتالو ں میںڈاکٹروں کی جنتی بھی اسامیا ں منظور شدہ ہیں ان میں محض چند ہی ڈاکٹر کام کررہے ہیں اور ان میں ماہر ڈاکٹر ارو جنرل فزیشن کی کمی ہے ۔
میڈیکل بلاک کپوارہ میں ڈاکٹرو ں کی کل 61 اسامیاںہیں لیکن ان میں صرف 40 کام کررہے ہیں اور 21اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔میڈیکل بلاک کلاروس میںڈاکٹرو ں کی کل منظور شدہ اسامیا ں 12ہیںجن میں 7ڈاکٹرو ں کی اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔ بلاک سوگام میں اسامیو ں کی کل تعداد 50ہیں تاہم ان میں 25خالی ہیں ۔میڈیکل بلاک ترہگام میں ڈاکٹرو ں کی منظور شدہ اسامیا ں 14ہیں جن میں 7خالی ہیں ۔ ویلگام بلاک میں ڈاکٹروں کی منظور شدہ اسامیو ں کی کل تعداد 18ہیں، لیکن8ڈاکٹرو ں کی اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔ بلاک کرالہ پورہ جو دور دراز علاقوں کیرن سے بڈنمل تک پھیلا ہوا ہے میں ڈاکٹرو ں کی منظور شدہ اسامیا ں 32ہیں اور ان میں11اسامیا ں خالی ہیں ۔میڈیکل بلاک ٹنگڈار، جو LOCکے نزدیک واقع علاقہ ہے، میں ڈاکٹرو ں کی منظور شدہ اسامیا ں 30ہیں لیکن 18 کی اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔کرناہ،جو حد متارکہ پر واقع ہے کے میڈیکل بلاک میں 12ڈاکٹر پورے کرناہ میں تعینات ہیں اور یہ میڈیکل بلاک بہت زیادہ متاثر ہے ۔اتناہی نہیں بلکہ 18طبی مراکز غیر فعال بن چکے ہیں اور یہ طبی سنٹر محض کا غذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔بلاک زچلڈارہ میں ڈاکٹرو ں کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 17ہیں لیکن9اسامیا ں خالی پڑی ہیں۔ بلاک لنگیٹ میں 47ڈاکٹرو ں کی منظور شدید اسامیا ں ہیں لیکن 18خالی پڑی ہیں ۔میڈیکل بلاک ہندوارہ چوگل میں ڈاکٹرو ں کی کل اسامیا ں 21ہیں اور ان میں9خالی ہیں ۔واضح رہے کہ کپوارہ ضلع میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی شدید کمی ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے جس سے دور دراز علاقوں کے لوگ سب سے زیادہ متا ثر ہو رہے ہیں ۔