راجوری //راجوری کے کوٹ دھڑا علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور لوگ ماہ صیام میں کئی کلومیٹر کا سفر کرنے کے بعد گھوڑوں پر پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہ کابینہ وزیر چودھری ذوالفقار علی کا آبائی علاقہ ہے جہاں پر واٹر سپلائی کے لئے بچھائی گئی پائپ لائنیں ناکارہ ہونے کے ساتھ کئی مقامات سے ٹوٹ چکی ہیں ۔انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ کی طرف سے اثرورسو خ رکھنے والے لوگوں کو تو پانی فراہم کیاجاتاہے لیکن عام آبادی کا کوئی پرسان حال نہیں اور وہ گرمی و ماہ صیام کے دوران شدید مشکلات کا سامناکررہے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ماہ صیام میں لوگ گھوڑوں پر پینے کا پانی لانے کے لئے مجبور ہیں کیونکہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے بچھائی گئی پائپ لائن سے ایک بوند پانی بھی نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے علاقے میں پانی فراہم کرنے کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایااور نہ ہی کوئی متبادل فراہم کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ ایم ایل اے جو وزیر بھی ہیں ،بھی اس علاقے کی ترقی کیلئے سنجیدہ نہیں ۔ محمد حاکم نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر راجوری کو چاہئے کہ وہ کوٹ دھڑا کی عوام کی مشکلات کے ازالہ کے لئے متعلقہ محکمہ کو متحرک کریں تاکہ ماہ صیام میں پینے کا پانی دستیاب ہوسکے ۔ سابق سرپنچ کوٹ دھڑا منظور احمد شاہ نے کہاکہ پانی کے چشمے خشک ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ایسی مشکلات کاسامناہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہوںنے بھی متعلقہ محکمہ سے بات کی ہے اور یہ یقین دلایاگیاہے کہ سپلائی بحال کردی جائے گی۔