کوٹرنکہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کوٹرنکہ سے خواص جانے والی سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ سے خواص 33کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا عمل 1971میں شروع کیا گیا تھا لیکن کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی سڑک مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے۔مکینوں نے بتایا کہ 2017میں متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی کشادگی کا عمل شروع کیا گیا تھا جبکہ اس پروجیکٹ کےلئے 76کروڑ روپے کے فنڈز بھی منطور کئے گئے تھے ۔مقامی معززین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک کی کشادگی کے نام پر عام لوگوں کو ہراساں کیا جارہاہے ۔انہوں نے محکمہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ قصبہ کےساتھ سے سڑک کی خستہ حالی شروع ہو جاتی ہے جبکہ اس سلسلہ میں کئی بار اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک عملی سطح پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کر کے مقامی لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔