عظمیٰ نیوز سروس
کوٹرنکہ//بھلہ پھاگولی کے رہائشی اور عبدالقیوم کے صاحبزادے، 8 سالہ باصلاحیت تائیکوانڈو کھلاڑی علی حسنین نے دہرادون، اتراکھنڈ میں حال ہی میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈ ل حاصل کیا۔ اس نمایاں کامیابی کے بعد علی حسنین نے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔کم عمری کے باوجود علی حسنین نے مقابلوں کے دوران غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور مضبوط اعصاب کا ثبوت دیا۔ مختلف ریاستوں اور خطوں سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے کے باوجود انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جو ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔علی حسنین کی اس کامیابی پر مقامی عوام، اساتذہ، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید اعزازات حاصل کریں گے۔یہ کامیابی علاقے کے دیگر بچوں کے لئے بھی ایک تحریک ہے کہ وہ کھیلوں کی طرف راغب ہوں اور محنت، مستقل مزاجی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ علی حسنین کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ کم عمری میں بھی درست رہنمائی اور محنت سے بڑے خواب پورے کئے جا سکتے ہیں۔