کوٹرنکہ//کوٹرنکہ میں لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے راجوری۔ بدھل سڑک کو ایک گھنٹے تک بند رکھا ۔مظاہرین نے کہا کہ ڈرائیوروں نے کرایہ کی کمی کو لے کر گاڑیوں کو بند کیا ہوا ہے اور عوام پیدل سفر طے کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ناقص ٹرانسپورٹ سہولیات کی وجہ سے انہیں روزانہ مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اور ان کے بچے وقت پر سکول نہیں پہنچ پاتے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور لوگ سواریوں کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آتے ہیں اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ۔احتجاج کودیکھتے ہوئے مقامی ایس ایچ او چوہدری محمد عظیم موقعہ پر پہنچے اورانہوںنے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کچھ گاڑیوں کے چالان بھی کاٹے ۔ایس ایچ او نے ڈرائیوروں کو انتباہ دیاکہ اگر وہ گاڑی نہیں چلائیںگے تو وہ ان کا روٹ پرمٹ منسوخ کردیاجائے گا اوراس روٹ پر دوسری گاڑیوں کو لگایاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ لوٹ کھسوٹ نہیں چلنے دی جائے گی ۔ ایس ایچ او نے مقامی لوگوں کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیںگے اور ا ن کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔