راجوری//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی کاموں کی انتظامی نگرانی کو بروئے کار لانے کی متمنی ہے تا کہ یہ کام بروقت مکمل ہوں اور ان میں اعلیٰ معیار قائم رہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے کوٹرنکہ میں ایک عوامی شکایات کے ازالہ کے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر وائس چیئرمین گوجر بکروال مشاورتی بورڈ گلزار کھٹانہ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے، اے آر انقلابی، ڈائریکٹر امور قبائل، محمد رفیع، کنٹرولر ایل ایل ڈی آر کے کٹوچ، سیکرٹری سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف گوجر بکروال مختار احمد، ایڈیشنل ڈی ڈی سی راجوری اے ایس چب، ایڈیشنل ڈی سی کوٹرنکہ شفیق احمد، ایس ایس پی یوگل منہاس، ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف کے علاوہ ضلع کے سنیئر افسران بھی موجود تھے۔کیمپ میں کوٹرنکہ سب ڈیویژن کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور کوٹرنکہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا دفتر قائم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر خوراک چوہدری ذوالفقار علی کا اس پرانی مانگ کو پورا کرنے کے لئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر علاقے میں ڈگری کالج، رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر مطالبات وزیر موصوف کے سامنے پیش کئے۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر کوٹرنکہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر کا افتتاح کیا ۔ وزیر نے اے ڈی سی شفیق احمد سے کہا کہ وہ لوگوں کی بہبودی اور خوشحالی کے لئے کام کریں۔