کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے متعدد دیہات میں عوام ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے اس جدید دور میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ او ر بدھل کے کئی دیہات میں اس وقت پانی ،بجلی اور رابطہ سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے تاہم متعلقہ محکمے اور مقامی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ اس وقت جہاں مرکزی حکومت کی جانب سے کئی فلاحی سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن دور افتادہ دیہات میں لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 2016-17میں بدھل کے کیول گائوں سے ترگائین سموٹ 10کلو میٹر رابطہ سڑک کی تعمیر شرو کی گئی تھی جبکہ دس کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار ہونے والی سڑک گزشتہ کئی برسوں سے کٹائی تک ہی محدود رہ گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی نالیاں اور حفاظتی باندھ بھی نہیں بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے برساتی موسم کے دوران لوگوں کی زرعی زمینیں اور راہائشی مکانات متاثر ہوتے ہیں ۔اس کے علاوہ دیہا ت میں جہاں بجلی کا نظام انتہائی پسماندگی کا شکار ہے وہائیں پانی کی سپلائی پاپئیں بھی بوسیدہ ہو گئی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ دیہات میں بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ دیہات میں ابھی تک پختہ کھمبے نصب کرنے میں بھی ناکام رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی سپلائی پاپئیں بوسیدہ ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے ان پائپوں سے پانی خارج ہوتارہتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔