کووڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے راجوری انتظامیہ کا اجلاس منعقد

راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات اور اس سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش شون کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اس اجلاس کے دوران روزانہ کی بنیادوں پر پانچ ہزار سے زائد افراد کو کووڈ ویکسین دینے اور ٹیسٹنگ عمل میں تیزی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔اجلاس میں اے ڈی سی راجوری ،چیف ایجوکیشن آفیسر ،چیف میڈیکل آفیسر ،ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر کیساتھ ساتھ بلاک میڈیکل آفیسران و دیگر ان نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران ڈی سی راجوری نے متعلقہ آفیسران سے کووڈ کے سلسلہ میں کی گئی احتیاطی تدابیر کا مکمل جائزہ لیا ۔متعلقہ آفیسران نے تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ابھی تک 40036 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں یکم اپریل سے کووڈ ویکسین کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔اس مرحلے کے دوران 45برس کی عمر سے زائد کے 179875افراد کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ تیسرے مرحلے کے دوران روزانہ پانچ ہزار افراد ویکسین دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر کووڈ ٹیسٹنگ عمل میں بھی تیزی لائی جائے تاکہ وائرس کی تشخیص کیساتھ ساتھ اس لہر کو روکنے میں مدد مل سکے ۔