راجوری //پونچھ ہسپتال میں تعینات ایک سیکورٹی گارڈ کی جانب سے کووڈ ٹیسٹ کرنے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد شعبہ صحت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ متعلقہ حکام نے بتایا کہ سیکورٹی گارڈ کو معطل کر کے ہسپتال چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ہسپتال کے مین گیٹ پر تعینات ایک سیکورٹی گارڈ کی ٹیسٹ کے سلسلہ میں سمپل لینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کو سوشل میڈیا صارفین نے محکمہ صحت کی مکمل ناکام قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ۔ایک سماجی کارکن ایاز مغل نے سماجی سائٹس پر مذکورہ تصویر کو شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ سیکورٹی گارڈ کووڈ ٹیسٹ کیلئے سمپلنگ کررہا ہے جبکہ مذکورہ گارڈ نے ماسک بھی نہیں پہننا ہوا ہے ۔اس کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مذکور ہ تصویر کو سماجی سائٹس پر شیئر کیا اور انتظامیہ بالخصوص محکمہ صحت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ارجن کمار نامی ایک صارف نے لکھا کہ اس تصویر سے عیاں ہے کہ ضلع میں اس مشکل وقت کے دوران محکمہ صحت کسی طرح سے متحرک ہے اور مریضوں کو سہولیات فراہم کررہا ہے ۔اس دوران میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ پونچھ ہسپتال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی ہے جس کے میں سیکورٹی گارڈ بغیر ماسک پہننے کووڈ ٹیسٹ کرتا دیکھا جاسکتا ہے ۔حکام نے مزید کہاکہ سیکورٹی گارڈ جس کی شناخت محبوب حسین سکنہ لورن کے طورپر ہوئی ہے ،کو سروس سے نکال دیا گیا ہے جبکہ اس کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ جلد از جلد ہسپتال چھوڑ دے ۔