متاثرہ والدین کیلئے زندگی بھر کیلئے خصوصی پنشن ،یتیم بچوں کیلئے خصوصی سکالر شپ : لیفٹیننٹ گورنر
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں کووِیڈ وباء سے فوت ہونے والوں کے لواحقین کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے متعدد فیصلے لئے ہیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بزرگ شہری ،جنہوں نے کنبے کے واحد کمانے والے رُکن کو کھو دیا ہے، انہیں عمر بھر کیلئے خصوصی پنشن دی جائے گی جبکہ اس آفت میں اپنے والدین سے محروم بچوں کو حکومت کی طرف سے خصوصی سکالر شپ فراہم کی جائے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارے بہت سے قریبی اور عزیز لوگ کووِیڈ ۔19 کی وجہ سے ہمیں غیر وقتی طور پر چھوڑ چکے ہیں ۔ حکومت نے ایسے ہر خاندان تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے اور جموں و کشمیر بینک کے ذریعہ انہیں خود روز گار کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ عالمی وبائی مرض نے روزانہ ہزاروں مزدوروں کو بے روز گار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ’’ حکومت اگلے دو ماہ کیلئے تمام رجسٹرڈ تعمیراتی کامگاروں ، پونی والوں ، پالکی والوں، پٹھو والوں کو فی ماہ ایک ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کرے گی ‘‘ ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ راشن کارڈ ہولڈروں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ معاشرتی بہبود کی سکیموں جیسے بڑھاپے کی پنشن ، لاڈلی بیٹی وغیرہ اور پی ایم اے وائی ، منریگا اور دیگر فلاحی سکیموں کی قسطوں کو فوری طور پر جاری کیا جائے گا ۔
اِن باتوں کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں اولڈ ایج ہوموں، یتیم خانوں کو راشن وغیرہ سمیت ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم جلد ہی اس وباء پر ایک ساتھ فتح حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہماری اولین ترجیح لوگوں کے تعاون سے اس وبائی مرض کو شکست دینا ہے ۔ میری آپ سب سے گذارش ہے کہ کووڈ مناسب طرز عمل پر عمل کریں اور ویکسین لگائیں ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ کووِیڈ۔ 19 بیماری کے سبب فوت ہونے والے افراد کو ڈیتھ سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو جلد ہی احکامات صادر کئے جائیں گے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ بحران کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں ، ڈویژنل کمشنروں اور جے اینڈ کے پولیس کو ایس ڈی آر ایف کے تحت 55 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے ۔
ایس ڈی آر ایف کے تحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام 20 ڈپٹی کمشنروں کو 2 کروڑ روپے فی کس ،دونوں ڈویژنل کمشنروں کو 5 کروڑ روپے فی کس اور جے اینڈ کے پولیس کو 5 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے ۔ اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں دیگر اقدامات کے بارے میں کوویڈ19 انتظامیہ اور اعلیٰ افسران کی رائے حاصل کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یو ٹی میں کوویڈ صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے ہسپتال میں بستروں کی دستیابی ، آکسیجن کی فراہمی ، آکسیجن پلانوں کی تنصیب کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ آکسیجن کے اضافی پلانٹس درآمد کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں لگائے جائیں گے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آکسیجن کی اضافی صلاحیت آکسیجن کو بھی پورا کرے گی اس کے علاوہ آکسیجن کی مدد سے بستر کی صلاحیت کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر بھر میں سخت کورونا کرفیو نافذ کریں اور پابندیوں کے دوران صرف ہنگامی اور ضروری خدمات کی اجازت دیں تا کہ منتقلی کی چین کو توڑا جا سکے ۔