جموں//کووِڈ۔19وَبا کے دوران مزدوروں اور کنسٹرکشن ورکروں کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے محکمہ محنت نے اِس برس ماہِ اپریل کے دوران فی ورکر 1000روپے کی رقم اُن کے اکائونٹس میں جمع کی۔اِن ورکروں کی تعداد 1.52لاکھ سے زیادہ اور کل رقم 15.24کروڑ روپے متعلقہ محکمہ نے اِس سلسلے میں خرچ کئے۔جموںوکشمیر حکومت نے کووِڈ۔19وَبا کو روکنے کے لئے کئی اقدامات اُٹھانے کا اعلان کیا ہے اور اُن میں سے رجسٹر شدہ کنسٹرکشن ورکروں اور مزدوروں کو اِس مدت کے دوران اشیائے ضروریہ کی حصولیابی کے لئے یک وقتی امداد فراہم کی۔ یہاںیہ بات قابلِ ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ملک کے لیبر فورس کو درپیش مشکلات دُور کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ کے حق میں کئی احکامات جار ی کئے ہیں ۔ مشیر موصوف جن کے پاس محکمہ لیبر کا بھی چارج ہے نے محکمہ سے کہا ہے کہ وہ ان درماندہ ہوئے مزدوروں کے لئے طبی امداد و دیگر سہولیات فراہم کریں۔محکمہ نے بین ریاستی مائیگرنٹ مزدوروں کے مقاما ت تک پہنچنے کی رسائی حاصل کی ہے اور اُنہیں راشن ،پینے کا صاف پانی و دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے محکمہ محنت کے اشتراک سے 29 اپریل 2020ء تک 12066 مزدوروں میں راشن تقسیم کی ۔ محکمہ نے مائیگرنٹ بین ریاستی ورکروں کے لئے سات ہیلپ لائنز وقف کی ہیں ۔اسی طرح سے ملک کے مختلف علاقوں میں جموںوکشمیر کے درماندہ ہوئے مزدوروں کے لئے دو ہیلپ لائنز قائم کی ہیں ۔ ان ہیلپ لائنوں کے ذریعے متعلقین اِمداد و دیگر اِنتظامات کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔اپریل 2020ء کے دوران نوڈل افسروں کو اِن ہیلپ نمبرات پر 1994ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں جن کی بدولت 56,705 مائیگرنٹ لیبروں کو رابطے کی سہولیات دستیاب رہیں۔اسی طرح سے محکمہ محنت نے حاصل شدہ ٹیلی فون کالوں کی تفاصیل ریذیڈنٹ کمشنر کے دفتر نئی دلّی کو پیش کی ہے تاکہ متعلقہ مزدوروں کو درپیش مسائل حل کئے جاسکیں۔29 اپریل 2020ء تک کل 35460 بین ریاستی مزدوروں نے ضلع افسران کے ساتھ رابطہ قائم کیا ہے۔