سری نگر //حکومت نے پیر کو جموں کشمیر کے ہر ضلع میں کووِڈ سے متاثرہ اور انفیکشین میں مبتلا بچوں کو نگہداشت اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس تشکیل دی۔ سات رکنی کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کریں گے جبکہ چیف میڈیکل آفیسر ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس ، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر ، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے چیئرمین یا اس کی غیر موجودگی میں کمیٹی کا کوئی بھی ممبر اور ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ نامزد کردہ بچوں کی نگہداشت کا ادارہ چلانے والے غیر سرکاری تنظیم اس کے ممبر ہوں گے اور ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اس کا ممبر سکریٹری ہوگا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر میں کرونا وائرس سے متاثرہ بچوں کے ساتھ ساتھ کووِڈمتاثرہ والدین کے بچوں کو نگہداشت اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ضلع میں ضلعی سطح ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی ان تمام لوگوںکی تفصیلات مرتب کرے گی جو کوروناکی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں اور کسی یتیم یا بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کی ضرورت کے بارے میں معلوم کریں گے۔آرڈر کے مطابق’’بچوں کی فلاح و بہبود کمیٹی کے سامنے ایسے بچوں کو پیش کیا جائے گا ، جوبچوں کو انصاف (نگہداشت اور تحفظ برائے بچوں) ایکٹ مجریہ2015کے تحت ان کی باز آبادکاری سہولیات رضاعی دیکھ بھال ، کفالت کا فیصلہ کرے گی۔‘‘حکم کے مطابق کمیٹی ایسے بچوں کو عارضی پناہ گاہوں میں رکھے گی اورجن کے والدین کاکووِڈ کا علاج ہورہاہوگا اور ان کی ضروری دیکھ بھال کرنے کے لئے رشتے دار (والدین) یا سرپرست نہیں ہوںگے۔کوروناکی وجہ سے متاثرہ بچوں اور کووِڈسے متاثرہ والدین کے بچوں کو نفسیاتی مشاورت کی امداد فراہم کیا جائی گی اور بعد میں علاج معالجے کے دوران ان کی غذائی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا اور ہر ضلع میں ایک رجسٹرڈ بچوںکے سہولیاتی انسٹی ٹیوٹ کی شناخت اور ڈیزائن کرنے کے لئے اور ایسے اداروں میں بچوں کیلئے کورونا دیکھ بال مراکز قائم کئے جائیںگے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع سطح ٹاسک فورس کی ہر ہفتے میٹنگ ہوگی اور جب ضرورت ہو تو ان بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے پروگرام مرتب کرے گی۔حکم کے مطابق ضلع کلکٹر ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے کا ذمہ دار ہوگا اور ہر 15 دن میں ایک بار رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔