شوپیان// شوپیان کے کئی دیہات میں اتوار کو ژالہ باری ہوئی۔بعد دوپہر موسم نے اچانک کروٹ لی اور آسمان پر گہرے بادل چھا گئے۔ جس کیساتھ ہی بادل گرجے اور وہیل،کچھ ڈورو، چیک کچھ ڈورو، نوگام، چیک نوگام، چھتری پورہ، رکھ پورہ اور دانگام وانگام اور دیگر ملحقہ علاقوں میں قریب 2 بجے تیز بارش اورژالہ باری شروع ہوئی جو کچھ منٹ تک جاری رہی جس کے نتیجے میں سیب، بادام ، اخروٹ، چری اور دھان کی پنیری کو بھاری نقصان پہنچا ۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اعجاز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شوپیان کے وہیل زون کے کئی دیہات میں ژالہ باری ہوئی لیکن اتنی زیادہ شدید نہیں تھی جتنی کولگام میں گذشتہ روز ہوئی تھی جہاں دمحال علاقے کے کئی دیہات میںسڑکوں اور میوہ باغات میں پانچ انچ تک اولے پڑے۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں میوہ باغات تقریباً مکمل طور پر ختم ہوگئے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ انکے محکمہ نے یہاں میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا اندازہ لگانے کی سروے شروع کردی ہے۔ ادھر راجواڑ اور قاضی آباد ہندوارہ علاقوں میں ڑالہ باری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔