عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر کے صورہ علاقے میں اتوار کو تعمیراتی کام کے دوران مبینہ طور پر بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک 45 سالہ مزدور کی موت ہو گئی۔ مرنے والے کی شناخت محمد یوسف وگے ولد محمد اسماعیل ساکن ڈی ایچ پورہ کولگام کے بطور ہوئی۔مذکورہ مزدوراحمد نگرصورہ میں مدثر احمد ڈار کی رہائش گاہ پر شٹرنگ کے کام میں مصروف تھا، جب وہ مبینہ طور پرترسیلی لائین کے رابطے میں آگیا۔ کام کے دوران اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا۔اسے فوری طور پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، صورہ میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔ تاہم، ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیااور طبی اور کیس درج کیا ہے۔ادھر سرینگر جموں قومی شاہراہ پرشیر بی بی کے قریب ہفتہ کی شام ایک ایرٹیگا کیب حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی (رجسٹریشن نمبر JK01AW-4650) شاہراہ پر سفر کر رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ کیب میں سرینگر کے پادشاہی باغ علاقے کے ایک ہی کنبے کے 7افراد کے شامل تھے، جبکہ ایک مسافر ضلع پلوامہ سے تھا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں جی ایم سی سرینگر ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام نے کہا کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔