سرینگر//کولگام میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 17دکان اوردورہائشی مکانات خاکستر ہوگئے اوران میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ منگلواردوپہر کو نیہامہ کولگام میں عبدالستار وانی ولدعبدلاحد کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مزید دومکانوں اور ایک شاپنگ کمپلکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قصبہ میں موجود فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزکی گاڑیاں فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششوں کوشروع کیا۔ اس موقعہ پر ہزاروں لوگ آناً فاناً جائے واردات پر جمع ہوگئے اور دکانوں سے سامان باہر نکالنے میں دکانداروں کی مدد کرنے لگے۔ ہولناک آگ کی تپش سے دو رہائشی مکانوں میں موجود گیس سلنڈر پے در پے دھماکوں سے پھٹ گئے جس کی وجہ سے پورا قصبہ لرز اٹھا، وہاں افراتفری پھیل گئی ۔ فائر سروس عملے ،مقامی لوگوں اورپولیس کی طرف سے کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا لیکن تب تک کروڑوں روپے کی املاک خاکستر ہو چکی تھی ۔آگ کی اس تباہ کن واردات میں مجموعی طور پر17دکانیں اورعبدالستار ، فیاض احمد وانی اور جاویداحمدوانی کے رہائشی مکانات مکمل طور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے اور ان میں موجود ہر قسم کی اسباب جل کر خاکستر ہوا ۔آگ کی اس واردات میں جو دکانیں خاکستر ہوئیں، ان میں ملبوسات، موبائیل،ادویات، کریانہ، فٹ وئر، ہوزری کی دکانیں شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ کی واردات میں چودہ دکانیں مکمل طور تباہ ہوئیں جبکہ تین دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق آگ کے دوران 16دکانیں خاکستر ہوئی۔ اس دوران آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروس ترجمان نے بتایا کہ آگ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔اس دوران انتظامیہ کے کئی سینئر افسران نے جائے واردات کا دورہ کرکے آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور متاثرین کو فوری امداد کی یقین دہانی کرائی۔