نئی دہلی//ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے 1486 نئے معاملے درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 20 ہزار کے پار ہو گئی ہے اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 49 اور لوگوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 650 سے زیادہ ہوگئی ہے ۔وزارت صحت کی جانب سے کل شام پانچ بجے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک میں کرونا وائرس کے اب تک 20471 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور وائرس سے اب تک 652 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا سے متاثر 700 لوگوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ہی ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 3960 ہوگئی ہے ۔ سنگین طور سے متاثر مہاراشٹر میں متاثروں کی تعداد میں ایک دن میں 552 کے اضافے کے ساتھ مجموعی طور سے یہ تعداد 5221 ہوگئی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست میں 19 اور لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 251 ہوگئی ہے ۔گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 206 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ گجرات میں اب تک 2272 لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں اور اٹھارہ لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 95 ہوگئی ہے جبکہ 144 صحتیاب ہوچکے ہیں۔اس کے بعد قومی راجدھانی دہلی ہے جہاں اب تک مجموعی طور سے 2156 لوگ اس وبا سے متاثر ہیں اور 47 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔قومی راجدھانی میں مجموعی طور سے 611 لوگ ٹھیک ہوچکے ہیں۔راجستھان میں مرنے والوں کی تعداد پچیس ہوگئی ہے ۔تمل ناڈو میں 76 مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی ہے ۔مدھیہ پردیش میں متاثروں کی تعداد بڑھ کر 1592 ہوگئی ہے اور اس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 80 ہوگئی ہے ۔اترپردیش میں انفیکشن کے 118 نئے معاملے آنے کے بعد تعداد بڑھ کر 1412 ہوگئی ہے اور ایک شخص کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ میں کورونا متاثروں کی مجموعی تعداد 928 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد تئیس ہے ۔کیرالہ میں 427 لوگ متاثر ہوئے ہیں اورتین لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ جنوبی ہندوستانی ریاست آندھرا پردیش میں 813 اور کرناٹک میں 425 لوگ متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 24 اور 17 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔یواین آئی
کووڈ۔19پیکیج کے لئے 15ہزارکروڑ روپے منظور
نئی دہلی// مرکزی حکومت نے ‘ہندوستان کووڈ۔19 ہنگامی ردعمل اور صحت کے نظام تیاری پیکیج’کے لئے 15000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی کابینہ کی کل ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا اور اس منظور شدہ فنڈ کی رقم کا تین مراحل میں استعمال کیا جائے گا۔سردست فوری طور پر کووڈ۔19ہنگامی رد عمل (7774 کروڑ روپے کی رقم) کا انتظام کیا گیا ہے ۔ باقی فنڈز وسط مدتی تعاون (1-4 سال) کے طور پر مشن موڈ میں دستیاب کرایا جائے گا۔پیکج کے اہم مقاصد میں تشخیص اور کووڈ کے علاج لئے تیاری، متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے ضروری طبی سامان اور ادویات کی مرکزی خریداری، مستقبل میں وبا سے بچاؤ اور تیاریوں میں تعاون کے لئے قومی اور ریاست صحت کے نظام کو مضبوطی دینا اور تیار کرنا ہے ۔ اس میں لیبارٹریوں کے قیام اور نگرانی سرگرمیاں بڑھانا، بائیو سیفٹی تیاریاں، وبا تحقیق اور کمیونٹیز کو فعال طور پر شامل اور خطرے مواصلات کی سرگرمیوں کے ذریعے ہندوستان میں کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کو کم اور محدود کرنے کے لئے ہنگامی ردعمل بڑھانا شامل ہے ۔ ان اقدامات اورپہل کو صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے تحت ہی لاگو کیا جائے گا۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کو حالات میں تبدیلی کی بنیاد پر مختلف نفاذ ایجنسیوں کے درمیان پیکیج سے متعلق وسائل کی تقسیم کے لئے اختیار کیا گیا ہے ۔یو این آئی۔