نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا کا خطرہ پہلے سے کم نہیں ہوا ہے لہٰذا لوگوں کو بہت صبر و تحمل کے ساتھ مسلسل ماسک پہننا چاہئے اور ذرابھی کوتاہی نہیں برتنی چاہئے ۔ مودی نے پروگرام من کی بات میں کہا کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پورے ملک نے متحد ہوکر جس طرح کورونا سے مقابلہ کیا ،اس نے متعدد خدشوں کو غلط ثابت کردیا ہے ۔آج ،ہمارے ملک میں انفیکشن سے ٹھیک ہونے کی شرح دیگر ملکوں کے مقابلے بہتر ہے ،ساتھ ہی ہمارے ملک میں کورونا سے ہونے والی شرح اموات بھی دنیا کے زیادہ تر ملکوں سے کافی کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ یقیناً ایک بھی شخص کو کھونا تکلیف دہ ہے ،لیکن ہندوستان اپنے لاکھوں عوام کی زندگی بچانے میں کامیاب بھی رہا ہے ۔وزیراعظم نے لوگوں کو متنبہ کیا،‘‘کورونا کا خطرہ ٹلا نہیں ہے ۔کئی مقامات پر یہ تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ہمیں بہت ہی زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ہمیں یہ دھیان رکھنا ہے کہ کورونا اب بھی اتنا ہی خطرناک ہے ،جتنا شروع میں تھا،اسی لئے ہمیں پوری احتیاط برتنی ہے ۔چہرے کوماسک سے ڈھکنا ہے یا گمچھے کا استعمال کرنا،دو گز کی دوری،مسلسل ہاتھ دھونا،کہیں پربھی تھوکنا نہیں،صاف صفائی کا پورا دھیان رکھنا، یہی ہمارے ہتھیار ہیں جو ہمیں کورونا سے بچا سکتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی ہمیں ماسک سے تکلیف ہوتی ہے اور من کرتا ہے کہ چہرے پر سے ماسک ہٹا دیں۔بات چیت کرنا شروع کرتے ہیں ،جب ماسک کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے ،اسی وقت ماسک ہٹا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا،‘‘ایسے وقت میں،میں آپ سے اپیل کروں گا کہ جب بھی آپ کو ماسک کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہو،من کرتا ہو اتاردینے کا،تو پل بھر کے لئے ان ڈاکٹروں ،نرسوں اور ان کورونا سپاہیوں کو یاد کیجئے ،جو ماسک پہن کر گھنٹوں مسلسل ہم سب کی زندگی کے لئے جٹے رہتے ہیں۔آٹھ آٹھ دس دس گھنٹے تک ماسک پہنے رکھتے ہیں۔ کیا ان کو تکلیف نہیں ہوتی ہوگی،تھوڑا سا ان کے بارے میں سوچئے ،آپ کو بھی لگے گا ہمیں ایک شہری ہونے کے ناطے اسمیں ذرا بھی کوتاہی نہیں برتنی چاہئے اور نہ کسی کو برتنے دینی ہے ۔’’انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمیں کورونا کے خلاف لڑائی کو پوری احتیاط اور عزم کے ساتھ لڑنا ہے ،تو دوسری طرف سخت محنت سے کاروبار،نوکری ،پڑھائی، جو بھی فرض ہم انجام دیتے ہیں ،اس میں رفتار لانی ہے ،اس کو بھی بلندی پر لے جانا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت بارش کا موسم بھی ہے ۔برسات میں گندگی اور اس سے ہونے والی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ،اسپتالوں میں بھیڑ بھی بڑھ جاتی ہے اس لئے لوگ صاف صفائی پربہت زیادہ توجہ دیں۔قوت مدافعت بڑھانے والی چیزیں،آیورویدک کاڑھا وغیرہ لیتے رہیں۔کورونا انفیکشن کے وقت میں ہم دیگر بیماریوں سے دور رہیں۔ہمیں اسپتال کے چکر نہ لگانے پڑیں،اس کا پورا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس بات کا عزم لیکر چلیں کہ امسال 15اگست کو کورونا سے آزادی لینی ہے۔بھارت میں فی الوقت کورونا کے 13لاکھ معاملات ہیں اور یہ دنیا میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا’’ اس سال 15اگست کی تقریبات بھی کورونا کی وبائی بیماری پھیلنے کے وسط میں بہت مشکل صورتحال میں ہونے جارہی ہیں، میں نوجوانوں پر زور دیتا ہوں،اپنے ملک کے عوام سے کہتا ہوں کہ وہ اس بات کا عزم کرلیں کہ اس سال آزادی کے دن پر کورونا سے بھی آزادی لینی ہے، بھارت کو خود انحصار بنانے کا عزم بھی لیں، یہ عزم بھی کہ کچھ نہ کچھ نیا سیکھنا ہے اور ایمانداری سے اپنا فرض نبھانا ہے‘‘۔