سرینگر //کشمیر صوبے میں کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا عمل6روز بعد آج سے دوبارہ شروع ہوگا جبکہ بدھ کوجموں و کشمیر میںمجموعی طور پر 7950افراد کو ویکسین لگائے گئے۔ سٹیٹ ایمونائزیشن آفیسر ڈاکٹر شاہد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ عالمی ادارہ صحت اور مرکزی وزارت صحت کی ہدایت کے مطابق ہر ہفتے بدھ کو بچوں کو عام نوعیت کے ویکسین دئے جاتے ہیں اور اسلئے دوبارہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری شروع نہیں کی گئی‘‘۔ڈاکٹر شاہد نے بتایا ’’ اس کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں بدھ کو 7950افراد کو ٹیکے لگوائے گئے جن میں 600 کشمیر میں لگائے گئے‘‘۔ ڈاکٹر شاہد نے بتایا ’’ منگل کو جموں و کشمیر میں 1لاکھ 50ہزار ویکسین پہنچے جن میں 90ہزار کشمیر جبکہ 60ہزار جموں کو دیئے گئے ہیں‘‘۔ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ جمعرات سے دوبارہ 45سال کے اوپر کے عمر کے لوگوں کیلئے ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہورہا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتوار کو ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے وادی میں ٹیکہ کاری کا عمل بند ہوگیا تھا جسکی وجہ سے کشمیر میں قائم کئے گئے 20ویکسینیشن پوئنٹ بند ہوگئے تھے۔