کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی

 نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس کے گذشتہ برس سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم جمعرات کی شام ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے ساتھ ساتھ اس سے نمٹنے کے لئے مزید حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پورے ملک میں ویکسینیشن پروگرام چلانے کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔ امکان ہے کہ اس میٹنگ میں ویکسی نیشن پروگرام کو بھی تیز کرنے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے اتوار کو تمام متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلی سطحی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ اس میں انہوں نے کورونا وبا کے خلاف مہم میں کامیابی کے لئے عوامی شراکت اور بڑے پیمانے پر متحرک ہونے کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔یواین آئی