کورونا لاک ڈاون میں فوری نرمی خارج از امکان:ضلع مجسٹریٹ سرینگر

سرینگر// جاری کورونا لاک ڈاون میں فوری نرمی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے ضلع کمشنر سرینگر محمد اعجاز نے منگل کو کہا کہ اس سلسلے میں پہلے سبھی سٹیک ہولڈرس کے ساتھ مشاورت عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع کمشنر سرینگر نے کہا کہ انتظامیہ کو کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے بازار اور تجارتی مراکز کھولنے کے سلسلے میں ایک یاد داشت موصول ہوئی ہے۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق ضلع کمشنر نے کہا کہ مذکورہ یاد داشت زیر غور ہے اور اس کو لیکر کوئی بھی فیصلہ مشاورت کے بعد ہی لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر چہ سرینگر میں نئے کورونا کیسوں میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے لیکن احتیاط کو ہر حال میں ملحوظ رکھا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا” کورونا کرفیو میں نرمی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے“۔