نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز دودن تک 24 ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے ، لیکن اس عرصہ میں 467افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے متجاوز کر گئی ہے ۔ منگل کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22252 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، جو گذشتہ ہفتے کے بعد سے سب سے کم ہیں۔ آج ملنے والے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 719665 ہوگئی ہے ۔ ہفتہ کے روز 22771 نئے کیس درج ہوئے ۔ اتوار کو 24850 اور پیر کو 24248 کیس تھے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آنے سے 467افراد کی موت کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20160ہوگئی ہے اور اس عرصے کے دوران 15515 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ اب تک ملک میں مجموعی طور پر 439948 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں ۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 259557 فعال کیس ہیں۔ملک میں ریاست مہاراشٹرکورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں کووڈ19کے 5368 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 211987 ہو چکی ہے ۔ اسی عرصہ میں 204 اموات کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 9026ہوچکی ہے ۔ ریاست میں 115262 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دوسرے مقام پرریاست تمل ناڈو ہے جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 3827 سے بڑھ کر 114978 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں 61 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 1571 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں ، 66571 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی وبا نے تباہی مچا دی ہے جہاں کورونامتاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ قومی راجدھانی میں کورونا سے اب تک 100823 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔
ممبئی نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا
ممبئی// کورونا وائرس جیسی تشویشناک وبا میں مبتلا مریض اور اس بیماری سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے ممبئی نے اب چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ منگل کو یہاں جاری سرکاری اعداد و شمار کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ، چین میں جہاں 2019 کے آخر میں اس وائرس نے سر اُبھارا تھا ، وہاں پائے جانے والے مریضوں کے مقابلے ممبئی میں پائے گئے مریضوں کی تعداد 2000 سے زائد ہو چکی ہے ، اسی طرح ممبئی میں چین کے مقابلے میں اس مرض سے 300 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔کوویڈ-19 سے متعلق جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں کورونا کے پھیلاو کی پریشان کن پیشرفت کے بعد اس وقت 85724 مصدقہ مریض ہیں ۔
تلنگانہ ، کرناٹک اور آندھرا میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے
نئی دہلی// ملک کی جنوبی ریاستوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور تمل ناڈو کے بعد اب تلنگانہ ، کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بھی کورونا وائرس (کووڈ ۔19) متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے ۔ تامل ناڈو پہلے ہی کورونا وائرس کے 114978کیسز کے ساتھ ملک کی دوسری ریاست ہے لیکن گذشتہ ایک ہفتہ سے تلنگانہ ، کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بھی کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ تلنگانہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 25733 کرناٹک میں 25317اور آندھرا پردیش میں 20019 ہوگئی ہے ۔منگل کو وزارت صحت کی جا نب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں جان لیوا کورونا وائرس کے 22252 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 719665ہوگئی ہے ۔ ملک میں اب تک اس وبا کی زد میں آنے سے مجموعی طور پر 20160 افراد ہلاک اور 439948 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔یواین آئی
۔24گھنٹوں کے دوران2.41لاکھ نمونوں کی جانچ
نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 2,41,430 نمونوں کی جانچ ہوئی ہے جس سے اب تک جانچ کئے گئے کل نمونوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی ہے ۔ طبی تحقیقی ہندوستانی کونسل (آئی سی ایم آر) کے ذریعہ جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 2,41,430 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے جس سے اب تک جانچ کئے گئے نمونوں کی تعداد بڑھ کر 1,02,11,092ہوگئی۔ اس دوران ملک میں کورونا کی جانچ کرنے والی لیباٹریوں کی تعداد بڑھ کر 1,115 ہوگئی ہیں۔یواین آئی