حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے شہر خاص سے چند ہی کلومیٹر کی دوری پر واقع گاؤں کنویاں اپر وارڈ نمبر چار میں پانی کی شدید قلت سے لوگ دوچار ہیں۔اس سلسلہ کو لے کر مقامی شہریوں نے وہاں سڑک بند کر کے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کر کے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے پانی کی قلت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔شہریوں کے مطابق ان کو پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ان کے گھر کی خواتین کو دور دراز سے گھر کے استعمال کیلئے اپنے سروں پر پانی ڈھونڈنا پڑتا ہے۔عبدالرشید نامی ایک معذور شخص دو جو اپنے دونوں پیروں سے معذور ہیں کا کہنا ہے کہ وہ ہر روز اپنی تین پہیہ سکوٹی پر دو کلومیٹر سفر کر کے ایک چشمے سے گھر کے استعمال کے لئے پانی لاتے ہیں جس کے وجہ سے انہیں کئی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود کہیں بار اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کے ملازمین اور افسران سے اپیل کر چکے ہیں کہ ان کے پانی کی قلت کو ختم کیا جائے لیکن ان کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔شہریوں کے مطابق گاؤں کی سڑک کے بھی خستہ حالت ہے جس کی وجہ سے وہاں پر ٹینکر والے بھی پانی نہیں لا رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے متعلقہ محکمہ کے افسران کو تنبیہ کی جائے اور ان کو کہا جائے کہ وہاں پر پانی کی قلت کو ختم کیا جائے۔ لوگوں نے ڈی سی پونچھ سے اپیل کی ہے کہ ان کی سڑک کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائے اور بجلی کے مسائل کو بھی حل کیا جائے۔