فیاض بخاری
بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن کے گورنمنٹ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں تین اہم کنسلٹنٹ عہدے خالی ہونے کی وجہ سے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں، جس کے باعث لوگوں کو علاج کے لیے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) پٹن میں کئی اہم کنسلٹنٹ عہدے، جن میں کنسلٹنٹ اطفال، کنسلٹنٹ سرجری اور کنسلٹنٹ اینستھیزیا شامل ہیں، طویل عرصے سے خالی پڑے ہیں۔ان ماہر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور انہیں علاج کے لیے وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کے ہسپتالوں میں جانا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ مریضوں کے غیر معمولی رش کے باوجود انتظامیہ نئے عہدے تخلیق کرنے کے بجائے پہلے سے منظور شدہ عہدوں کو پْر کرنے میں بھی بری طرح ناکام رہی ہے، جس سے صحت کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ باشندوں نے مزید کہا کہ وزیر صحت اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر اس اہم مسلے میں کوئی مداخت نہیں کررہے ہیں، جس کے نتیجے میں سب ڈویڑن پٹن کی بڑی آبادی کو وادی کے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہے کہ ان تینوں اہم کنسلٹنٹ عہدوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر پْر کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔