عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں کیونکہ سپریم کورٹ پیر کو مرکز کی طرف سے آئین کی دفعہ 370 کی دفعات کو منسوخ کرنے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کے ایک گروپ پر اپنا فیصلہ سنانے والا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے کہا، “ہم ہر حال میں وادی میں امن کو یقینی بنانے کے پابند ہیں”۔ آئی جی پی نے پیر کے لیے سیکورٹی سیٹ اپ کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ “کافی انتظامات” کیے گئے ہیں۔بردی، جنہوں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وادی کے 10 اضلاع میں سے زیادہ تر میں سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد کیے، کہا”ہم تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کشمیر میں امن خراب نہ ہو،” ۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر ضابطہ فوجداری پروسیجر(سی آر پی سی) کی دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کے لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کرنے کے کئی واقعات ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھا “حال ہی میں کئی پوسٹس سامنے آئی ہیں، جن میں لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایسے عناصر کے خلاف ماضی میں بھی کارروائی کی گئی ہے اور آئندہ بھی کارروائی کی جائے گی‘‘۔