راجوری// الہدی ٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ چیئرمین امیرمحمدشمسی نے کہاہے کہ کشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے جسے ہندوستانی فورسزکے ذریعہ سے دبایا نہیں جاسکتاہے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں طلباء اورطالبات کو تشددکانشانہ بناکران کی ویڈیو زسوشل میڈیاپر مشتہرکرنے سے عوام میں مزید غم وغصہ پیداہواہے نہ کہ اس طرح سے عوام کی آواز کو دبایاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز کابینہ اجلاس کے بعد یہ پتہ چلاہے کہ ریاستی سرکار کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے کیونکہ سی آرپی ایف، بی ایس ایف،آرمی اورپولیس سے وزیراعلیٰ درخواست کررہی ہیں کہ وہ طاقت کاکم سے کم استعمال کریں۔انہوںنے کہاکہ اس سے بڑھ کرافسوسناک بات اور کیاہوسکتی ہے۔شمسی کاکہناتھاکہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیرکو مزیدالجھنے نہ دے بلکہ تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کرکے اس کو حل کیاجائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کوچاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیرپراپناموقف واضح کریں تاکہ مزید جانیں تلف نہ ہوں ۔