عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعلی کو بڈگام اسمبلی ضمنی انتخابات کے دوران بڈگام میں لا یونیورسٹی قائم کرنے کے اپنے وعدے کو ہر صورت پورا کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے انحراف وزیر اعلی کے عہدے کی حرمت کو مجروح کرے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں سجاد لون نے کہا کہ وزیر اعلی کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے ادارہ جاتی ذمہ داری کے زمرے میں آتے ہیں اور انہیں حرف بہ حرف اور روح کے مطابق نافذ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، وزیر اعلی کے عہدے کی حرمت اسی میں ہے کہ ایسے وعدے پورے کیے جائیں۔مجوزہ ادارے پر جموں کی جانب سے مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے لون نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جموں ترقی کرے، تاہم کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کے حوالے سے جموں کے اپوزیشن رویے کو انھوں نے جنو ن قرار دیا اور کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جموں میں پہلے ہی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (IIM) موجود ہے، تو پھر کشمیر میں لا یونیورسٹی کے قیام کو متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دربار موو کے خاتمے اور کاروباری سرگرمیوں کی منتقلی جیسے بڑے انتظامی اور معاشی فیصلوں کے باوجود جموں کی قیادت کی جانب سے کوئی خاص مزاحمت سامنے نہیں آئی۔پیپلز کانفرنس کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے کی کوششیں ان لوگوں کے ذریعے کی گئیں جنہیں انہوں نے خود ساختہ ثالث قرار دیا، اور جو مسلسل کشمیر کو دشمن اور صرف ایک خطے کو وفادار ظاہر کرتے ہیں، تو ایسی کوششیں ناکام ہوں گی۔