کشتواڑ //فوج کی جانب سے ضلع کے نوجوانوں کے لئے کونسلنگ اور کام کے مواقعے کے لئے پدیارنہ میں ایک نشست کا اہتمام کیا جسکا مقصد ضلع کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لئے محفوظ کیرئر کا تلاش کرنا تھا۔ کیرئر کونسلنگ کی نشست جموں و کشمیر سٹیٹ رورل لائیو لی ہُڈ مشن کشتواڑ کے بلاک پروگرام منیجر کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔کونسلنگ کا ہدف دور دراز علاقوں کے نوجوان تھے۔شرکا ء کو مرکزی سرکار کے اہم پروگراموں سے باخبر کیا گیا جو کہ بیروز گار نوجوانوں پر مرکوز تھا۔انہیں مرکزی سرکار کی ’حمایت‘ میں اندراج کرنے کے لئے مطلوبہ طریقہ کار اور دستاویزات کی جانکاری دی گئی۔ اس موقعہ پر نوجوانوں کو ان کورسوں میں شرکت کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ، جس سے اُن کو جانکاری اور جاب کے مواقعے فراہم ہونگے۔کورس میں کل 190نوجوانوں نے شرکت کی۔پدیارنہ اور پلماڑ خطہ کے مقامی نوجوانوں نے نے کورس منعقد کرنے کی ستائش کی۔مقامی لوگوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایسی پہل سے خطہ کے نوجوانوں کو اپنے مستقبل کو سنوارنے میں مدد ملے گی۔