عاصف بٹ
کشتواڑ //ہندوستان کے محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین پیشین گوئی کے بعد ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے 14 جولائی تک ضلع بھر میں ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک اور تیز ہوائوں کی وارننگ جاری کی ہے۔ رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور خطرناک علاقوں سے گریز کریں۔ایڈوائزری کے مطابق، خاص طور پر ضلع کے بالائی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ انتظامیہ نے ندیوں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار مقامات کے قریب رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آبی ذخائر سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے تمام متعلقہ محکموں بشمول ریونیو، پبلک ورکس (آر اور بی)، مکینیکل انجینئرنگ، پی ایم جی ایس وائی، جے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، صحت اور طبی تعلیم، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول، این ایچ آئی ڈی سی ایل اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن(بی آر او)کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔تمام تحصیلداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے جانی نقصان، املاک کو پہنچنے والے نقصان، سڑکوں کی بندش یا موسم سے متعلق دیگر ہنگامی صورتحال کی اطلاع ڈپٹی کمشنر آفس کو دیں تاکہ بروقت راحت اور بچا کی کارروائیوں میں آسانی ہو۔ہنگامی تیاریوں کو مضبوط بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے اور یہ چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔