عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار شائون نے منعقدہ ایک میٹنگ میں ضلع میں جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑکا جانکاری دی گئی کہ ضلع میں 129واٹر سپلائی سکیم پروجیکٹ جاری ہیں جن کی تخمینہ لاگت 448کروڑ روپے ہے۔میٹنگ میں جاری واٹر سپلائی سکیموںکی صورتحال کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی اور ہر سب ڈویژن اور سکیم کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جل جیون مشن کی مختلف سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بین محکمانہ تعاون کی اہمیت اور کام کی رفتار میں حائل رُکاوٹ کو دُور کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں اور ٹھیکیداروں پر زور دیا کہ وہ جاری واٹر سپلائی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے وسائل کو متحرک کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہدایت دی کہ 90 فیصد تکمیل والی سکیموں کو صد فیصد تک پہنچایا جائے جبکہ 50 فیصد سے کم تکمیل والی سکیموں کا ہدف 2 ؍دسمبر کی ڈیڈ لائن تک کم از کم 75 فیصد مقرر کیا جائے۔اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈبلیو ایس ایس منصوبوں کو مکمل کرنے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹھیکیدار بغیر کسی ناکامی کے ڈیڈ لائن پر پورا اُتریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری تاخیر کا باعث بننے والے ٹھیکیداروں پر جُرمانے سمیت سخت کارروائی کی جائے گی۔مزید برآں، کسی بھی نادہندہ ٹھیکیدار پر کل ٹینڈر شدہ رقم کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔