کشتواڑ میں اشتعال انگیز ویڈیو | سامنے آنے کے بعد معاملہ درج

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پرآنے کے بعد پولیس کی جانب سے ایک معاملہ درج کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیاگیا ہے ۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ اندروال سے ایک آزاد امیدوار کی میٹنگ میں مبینہ طور پر قابل اعتراض نعرے لگا رہے ہیں جبکہ حکام نے کہا کہ انہیں نوٹس دیا گیا ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم آزاد امید وار غلام محمد سروڑی نے کہا کہ وہ ایسی کسی میٹنگ کے بارے میں نہیں جانتے تھے جہاں ان کے حامیوں کی طرف سے ’’اشتعال انگیز نعرے‘‘لگائے گئے ہوں۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرارتی افراد نے جمہوریت کے تہوار میں ایک خراب ماحول پیدا کرنے کے لئے ایک ترمیم شدہ ویڈیو کو پھیلایا تھا۔ ویڈیو میں نوجوانوں کے ایک گروپ کو مبینہ طور پر سروڑی کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اسمبلی حلقہ اندروال کے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور ریٹرننگ آفیسر ادریس لون نے ایف آئی آر درج کرائی اور پولیس کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کیں ۔ویڈیو میں کچھ نامعلوم لوگوں کو سروڑی کے حق میں ’’قابل اعتراض اشتعال انگیز اور نامناسب‘نعرے لگاتے دکھایا گیا ہے۔ افسر نے کہا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز نعرے یا پروپیگنڈہ انتخابی جرم اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن چھاترو میں عوامی نمائندگی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ آزاد امیدوار غلام محمد سروڑی اسے قبل کانگریس کے ساتھ تھے جبکہ اُس کے بعد انہوں نے غلام نبی آزاد کی حمایت میں استعفیٰ دیاتاہم ڈی پی اے پی نے انہیں اندروال اسمبلی حلقے سے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا اور وہ بطور آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اترے۔اس اسمبلی حلقے میں پہلے مرحلے کے تحت 18 ستمبر کو پہلے مرحلے کے انتخابات ہونگے ۔