عاصف بٹ
کشتواڑ// چوتھے روز بھی ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق چوتھے روز بھی بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوتی رہی جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات پیش آئی جہاں قصبہ و اسکے گردنواح کے علاقہ جات میں سڑکیں و گلی کوچے مسلسل تالاب بنے ہوئے ہیں جبکہ پیدل چلنا بھی دشوار ہوا۔میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دن بھر بدستور جاری تھا جسکے سبب بازاروں میں رونق نہ کے برابر رہی اور لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔چوتھے روز بھی بالائی علاقہ جات دچھن ،مڑواہ ،واڑون ،سنتھن ،مرگن میں برفباری ہوئی ۔سنیچر کو اگرچہ میدانی علاقوں میں تعلیمی ادارے کھل گئے تاہم بالائی علاقہ جات میں سبھی تعلیمی اداروں کو احتیاطی طور بند رکھا گیا ۔ادھرپاڈر کے گندھاری کے علیہا گاؤں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب علاقے میں کئی مکانات برفانی تودے کی زدمیں آئے جس سے حکام متاثرہ خاندانوں کو وہاں سے نکالنے پر مجبور ہوئی۔25سے زائد لوگ گاؤں میں رہایش پزیر ہیں جب کہ 5سے 6مکانات کو فوری خطرہ لاحق ہے۔ حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر پہلے ہی 25افراد پر مشتمل چار خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔