جموں//کشتواڑ سنتھن شاہراہ یکم مارچ تک قابل آمدورفت ہوجائے گی جبکہ ڈکسم مرگن ٹاپ شاہراہ کے16کلومیٹر حصہ سے برف ہٹانا ابھی بھی باقی ہے ۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ انشول گارگ نے ڈی سی آفس اننت ناگ میں مرگن و سنتھن ٹاپ سڑکوں کو کھولنے کا جائیزہ لینے کے لئے متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گائورن سے مرگن ٹاپ تک 24 کلو میٹر سڑک کی لمبائی میں سے 08 کلو میٹر کو صاف کرلیا گیا ہے۔ ڈی سی نے پی ایم جی ایس وائی اور ایم ای ڈی محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروںکو ہدایت کی کہ وہ اپنے افراد اور مشینری کو متحرک کریں تاکہ مرگن ٹاپ کی طرف جانے والی سڑک کی باقی لمبائی سے برف کو صاف کیا جائے ۔یہ بھی بتایا گیا کہ ان 24 کلومیٹر میں سے 14 پر تار کول بچھا ہے اور باقی 10 کلو میٹرپر اس سال تارکول بچھائی جائے گی۔سنتھن ٹاپ کی حیثیت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی کو بتایا گیا کہ 1 سے 2 کلومیٹر سڑک کی لمبائی پر 20 سے 25 فٹ گہرائی والی برف اگلے دو دن میں صاف ہوجائے گی۔ انہیںبتایا گیا کہ یکم مارچ تک چھوٹی گاڑیوں کیلئے سڑک قابل آمد ورفت ہوگی اور مسافروں کے لئے سڑک کھولنے کے فیصلے کا بعد میں جائزہ لیا جائے گا۔مسٹر گرگ نے تحصیلدار لارنو کو ہدایت کی کہ وہ ان دونوں سڑکوں پر برف سے کلیئرنس کی پیشرفت پر نظر رکھیں۔اس اجلاس میں اس سڑک کے بارے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اس مہینے کی 25 سے 27 تاریخ تک خراب موسم کی پیش گوئی بھی شامل ہے۔