کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام تیررفتاری سے جاری ہے۔ برف ہٹانے پر مامور حکام نے بتایا کہ محض 8 کلومیڑسڑک پر برف ہٹانا باقی ہے اور آنے والے 7 روز تک اسے بھی مکمل کیا جاے گا۔ ضلع کشتواڑ کو سنتھن پاس سے اننت ناگ ضلع سے ملانے والی وحد 155 کلومیٹر سڑک گزشتہ سال کچھ ماہ ہی آمدورفت کیلئے کھلی رہی تھی جس کے بعد نومبر کے آخر میں برفباری کے سبب اسے دوبارہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بندکیاگیاتھا۔امسال جنوری میں ہی انتظامیہ نے اس پر برف ہٹانے کا عمل شروع کیا۔ پہلی بار مارچ کے مہینے میں شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدرفت کیلئے کھولنے کاامکان ہے جس سے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مقامی ڈرائیور مظفر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوگا جب مارچ کے مہینے میں ہی لوگ اس سڑک پر سفر کرسکیں گے۔واضح رہے کہ یہ سڑک ہر سال نومبر کے مہینے میں برف باری کے سبب بند ہوئی تھی اور 6 ماہ کے عرصے کے بعد گرمیوں کے موسم میں دوبارہ آمد و رفت کے لیے کھول دی جاتی تھی تاہم گزشتہ سال کروناوائرس کی وبائی بیماری کے سبب اس کے کھلنے میں تاخیز ہوئی تھی اور ستمبر کے مہینے میں اسے کھولا گیا تھااور پھر دو ماہ بعد دسمبر میں دوبارہ بند ہوئی تھی۔