سوپور//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے فروٹ منڈی سوپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف پھلوں کے کاشتکاروں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی ۔ جنہوں نے انہیں اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ، ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم ، اے ڈی سی سوپور ، ایس پی سوپور ، مختلف محکموں کے سربراہان ، ضلع اور سیکٹورل افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی مشیر کے ہمراہ تھے ۔ اس موقعہ پر سوپور فروٹ گروورز ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد ملک نے مشیر کو اپنی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ جن میں منڈی میں پینے کے پانی کی سہولت ، باغ سنڈری روڈ کی تکمیل وغیرہ شامل ہے ۔ صدر نے اہم اہمیت کے حامل دیگر مطالبات کے علاوہ پھلوں کے کاشتکاروں کی مناسب رہائش ، تیز کیڑے مار ادویات کے کنٹرول کیلئے ٹیسٹنگ لیب ، پھلوں کی منڈی میں توسیع کیلئے اراضی کے حصول ، کولڈ سٹوریج کے قیام اور فصلوں کی انشورنس کا بھی مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا اعادہ کیا اور کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باغبانی شعبے کو ترقی دینے کی غرض سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے جس میں باغبانی کی پیداوار میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو روکنے کیلئے پھلوں کی موثر گریڈنگ اور پیکجنگ سسٹم متعارف کرنا شامل ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ حکومت پھلوں کی منڈیوں میں بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینے پر کام کر رہی ہے تا کہ انہیں بین الاقوامی منڈیوں کے معیار کے مطابق بنایا جا سکے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ کیڑے مار ادویات کا کاروبار کرنے والوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور نقلی ادویات اور کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ دریں اثنا متعدد وفود نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور علاقے کی مجموعی فلاح و بہبود سے متعلق اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ جن وفود نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اُن میں ٹریڈرز فیڈریشن سوپور ، سول سوسائیٹی سوپور ، واٹر گام کی سول سوسائیٹیاں اور ڈانگی واچا سوسائیٹی کے دیگر اسٹیک ہولڈر شامل تھے ۔ ان وفود نے سوپور کیلئے انڈور سپورٹس سٹیڈیم ، سوپور میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام ، سرکاری دفاتر میں خالی آسامیوں پر افسران کی تعیناتی ، سی ایچ سی ڈانگی واچا کی تکمیل ، علاقے میں زچہ بچہ ہسپتال کے قیام اور بلا خلل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے وفود کو غور سے سُنا اور اُن کے جائیز مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کرنے کا یقین دلایا۔ بعد میں مشیر موصوف نے مجبُگ میں قائم ایپل جوس پلانٹ کا معائینہ کیا اور وہاں جاری کام کاج کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔