فیاض بخاری
بارہمولہ// کریری اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے بار بار اور غیر اعلانیہ بجلی کی کٹوتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے باوجود علاقے میں بجلی کی صورتحال خراب ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو چلہ کلان کی سخت سردیوں کے ایام میں بھی شدید مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ صبح نو بجے بجلی کاٹ دی جاتی ہے اور شام تک بجلی کا کوئی نام و نشان ہی نہیں ہوتا ہے اور بار بار یہی حال رہتا ہے ۔ مکینوں کے مطابق اس طرح کے واقعات اب معمول بن چکے ہیں، جہاں تقریباً ہر ہفتے پورا دن بجلی کے بغیر گزر جاتا ہے۔ محکمہ کی ان من مانی اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندشوں نے طلبہ، مریضوں، تاجروں، دکانداروں اور گھریلو صارفین کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی بار اس معاملے میں متعلقہ محکمہ کے ا علیٰ افسران کو مطلع کیا تھا تاہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا، تو تاجر آج یعنی پیر کے روز ایک روزہ احتجاج پر غور کر رہے ہیں، جس میں دکانوں اور تجارتی اداروں کی بندش بھی شامل ہو سکتی ہے، تاکہ وہ اس مسلسل ناانصافی کے خلاف اپنا احتجاج درج کرا سکیں۔مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ من مانی اور غیر اعلانیہ بجلی بندشوں کو فوری طور پر روکا جائے، کسی بھی منصوبہ بند شٹ ڈاؤن سے قبل عوام کو اطلاع دی جائے، فیلڈ اور ڈویڑنل سطح پر جوابدہی طے کی جائے، دلنہ بجلی سپلائی نظام کا جامع جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ کو اس معاملے میں فوری طور پر مداخت کی اپیل کی ۔