کرکٹ کا بخار :پاکستانی مداح نے بھارتی مداح کیلئے نہ صرف میچ کا ٹکٹ خریدا بلکہ دوبئی آنے جانے کا فلائٹ ٹکٹ بھی بک کروایا

دبئی/ہندوستان۔ پاکستان کے درمیان ہوئے ایشیا کپ۔ 2018 میچ کے دوران دونوں ہی ملکوں میں جوش کا ماحول تھا۔ بدھ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئے اس میچ کو دیکھنے ہزاروں مداح پہنچے۔ عموما دونوں ممالک کے درمیان گہما گہمی کا ماحول ہوتا ہے لیکن اس دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جو انٹرنیشنل میڈیا میں چھا گیا ہے۔ پاکستان کے ایک کرکٹ مداح نے ہندستانی مداح کیلئے نہ صرف میچ کا ٹکٹ خریدا بلکہ دبئی آنے جانے کا ریٹرن فلائٹ ٹکٹ بھی بک کروایا۔خلیج ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق ، " چاچا شکاگو " کے نام سے مشہور پاکستانی کرکٹ فین بشیر نے سدھیر گوتم کیلئے میچ اور فلائٹ  ٹکٹ خریدے، سدھیر ، سچن تیندلکر کے فین ہیں اور پیسے نہیں ہونے کی وجہ سے دبئی نہیں جا پا رہے تھے۔اس معاملے پر بشیر نے ایکسٹرا ٹائم ڈاٹ ان ویب سائٹ کو بتایا ، " یہ پیار ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ پیسہ آئے گا اور جائے  گا۔ میں نے سدھیر سے کہا تھا کہ تم یہاں آؤ اس کا انتظام میں کروں گا"۔بشیر نے آگے بتایا ، " میں امیر نہیں ہوں لیکن میرا دل جتنا بڑا ہے اگر میں آپ کی مدد کروں گا تو اللہ خوش ہوں گے "۔بتا دیں کہ کچھ دن پہلے سدھیر گوتم نے بشیر سے اپنی مالی حالات کا ذکر کرتے ہوئے دبئی آنے میں ناکامی کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بعد بشیر نے ان کیلئے سارے انتظام کئے۔سدھیر گوتم نے کہا ، "میں نے ویزا کا انتظام کیا اور چاچا نے مجھے ریٹرن فلائٹ ٹکٹ بھیج دیا۔ میں یہاں اپنی ٹیم کا جوش بڑھانے کیلئے آیا ہوں۔ چاچا میرے پورے خرچ کا خیال رکھ رہے ہیں"۔ایشیا کپ۔ 2018 میں ٹیم انڈیا نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ۔ اے کے اپنے دوسرے میچ میں بدھ کو پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دی۔ ہندستانی ٹیم نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس ہار کر پہلے گیند بازی کرتے ہوئے پاکستان کو 43۔1 اوور میں 162 رن پر ڈھیر کر دیا۔