کرونا وائرس کا خوف :’انگلش پریمیئر لیگ‘ میں آرسنل اور مانچسٹر سٹی کلب کے درمیان میچ ملتوی

لندن/کرونا وائرس کے باعث برطانیہ کی فٹ بال لیگ 'انگلش پریمیئر لیگ' میں آرسنل اور مانچسٹر سٹی کلب کے درمیان بدھ  کامیچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ میچ ملتوی ہونے کی وجہ آرسنل کے کھلاڑیوں کا قرنطینہ میں ہونا ہے۔خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق آرسنل کلب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور چار اسٹاف ممبران کو ان کے گھروں پر قرنطین کیا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی یونان کے ایک فٹ بال کلب اولمپیاکوس کے مالک سے ملے تھے جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔آرسنل کلب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم حکومت کی ان ہدایات پر سختی سے عمل کر رہے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ جو شخص کسی کرونا وائرس کے مریض سے قریبی رابطے میں رہا ہو، وہ 14 روز کے لیے لوگوں سے الگ تھلگ رہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قرنطین میں ہونے کی وجہ سے بدھ کو مانچسٹر سٹی کلب کے خلاف میچ میں کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں۔ لہٰذا پریمیئر لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ میچ ملتوی کر دیا جائے۔پریمیئر لیگ کے دنیا بھر میں کروڑوں شائقین ہیں جو ٹی وی پر فٹ بال کے مقابلے دیکھتے ہیں۔البتہ آرسنل کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑی اور عملے کے وہ ارکان جو اولمپیاکوس کے مالک مریناکس سے ملے تھے، قرنطین کے 14 روز مکمل کرنے کے بعد جمعے کو دوبارہ دستیاب ہوں گے۔آرسنل کلب کا مزید کہنا تھا کہ طبی ماہرین کے مطابق ان کھلاڑیوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خطرہ بہت کم ہے۔میچ کے التوا سے متعلق پریمیئر لیگ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انہوں نے حفاظتی اقدامات کے تحت کیا ہے۔ البتہ کسی دوسرے میچ کو ملتوی کرنے کا فی الحال کوئی پلان نہیں ہے۔خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر کھیلوں کے مقابلے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی فٹ بال میچز خالی اسٹیڈیمز میں بھی کھیلے جا رہے ہیں۔