عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کپوارہ کے کرناہ علاقے کے گاوں تاڈ میں منگل کے روز پیش آئے ایک افسوسناک ٹریکٹر حادثے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی شدید طور پر زخمی ہو گئی۔حکام کے مطابق ٹریکٹر (رجسٹریشن نمبر JK09B-4871) جسے تاڈ گاوں کے رہائشی اظہر احمد چلا رہے تھے، اچانک بچوں کو ٹکر مار بیٹھا۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے زخمی بچوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹنگڈار منتقل کیا۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ دو بچوں کو مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ تیسری بچی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت عرضو بشیر (7 سال) اور اذان سجاد قریشی (8 سال) کے طور پر کی گئی ہے، دونوں کا تعلق گاوں تاڈ سے ہے۔ شدید زخمی بچی کی شناخت شہناز احمد مغل (9 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔