اننت ناگ +سوپور// بجبہاڑہ میں سنیچر کی شام مشتبہ جنگجوئوں نے دو نوجوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوئے۔ان میں سے ایک ڈینٹل ٹیکنیشن اور ایک آٹو ڈرائیور تھا۔ادھر وارپورہ سوپور میں مسلح جھڑپ کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، جبکہ ٹنگڈار کرناہ میں اسلحہ بر آمد کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی شام دیر گئے8بجکر 5منٹ پر جبلی پورہ بجبہاڑہ مارکیٹ میں نامعلوم مشتبہ جنگجوئوں نے35سالہ آٹو ڈرائیور شہنواز احمد بٹ ولد غلام قادر بٹ اور20سالہ ڈینٹل ٹیکنیشن علم سنجید احمد پرے ولد عبدالعظیم پرے ساکنان جبلی پورہ پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دونوں شدید طور پر زخمی ہوئے۔واقعہ کے بعد دونوں زخمیوں کو پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بجبہاڑہ پہنچایا گیا جہاں سنجید احمد پرے کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا جبکہ شہنواز احمد بٹ کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کردیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ واقعہ کے فوراً بعد علاقے میں خوف و دہشت پھیل گئی اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی کا آغاز کردیا ۔دونوں نوجوانوں کی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔علاقے میں چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں۔ادھرعثمان آبادوار پورہ سوپور میںسیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کے تبادلے کے بعد جنگجو فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ہیں ۔جمعہ کی شام قریب 7بجے پولیس نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع ملنے کے بعد 22آر آر اور سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ آپریشن شروع کیا اور گائوں کو سیل کر کے ممکنہ ٹھکانے کی طرف پیش قدمی کی۔ لیکن یہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعدطرفین میں گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا اور پھر خاموشی چھا گئی۔ فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔اسکے بعد اگرچہ علاقے میں رات دیر گئے تک تلاشی آپریشن جاری تھا تاہم جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیںہوا اور جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔ تلاشی آپریشن کے دوران کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد نہیں ہوئی جس کے بعد علاقے کا محاصرہ ختم کر لیا گیا ۔ ادھرایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی 2جاٹ یونٹ کی ایک مشترکہ ٹیم نے کپوارہ کے جبڈی ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک سرحد کے اس پار سے ہتھیار لانے کی ایک کوشش ناکام بنادی جس کے دوران تلاشی کارروائی میں3 اے کے رائفلیں، انکے 6میگزین،4پستول اور انکے9میگزین بر آمدکئے۔ادھرٹنگمرگ سے مشتاق الحسن کے مطابق کنزرقصبے میں سیکورٹی فورسز نے رات بھر آپریشن کیا ۔جنگجوئوں کی موجودگی کے بعد رات بھر تلاشیاں جاری رہیں اوررات بھر فوج نے مشکوک مکانوں کی باریک بینی سے تلاشیاں لیں۔ سنیچرکی صبح محاصرہ ختم کیا گیا ۔
ہندوارہ میں بارودی شل پھٹنے کا واقعہ | بیٹی کے 2روز بعدماں بھی چل بسی
اشرف چراغ
کپوارہ//2روز قبل رامحال ویلگام ہندوارہ میں بارودی شل پھٹنے سے زخمی خاتون صدر اسپتال سرینگر میں زندگی کی جنگ ہار گئی ۔اس واقعہ میں پہلے ہی مذکورہ خاتون کی بیٹی لقمہ اجل بن گئی تھی۔دو روز قبل شہر کوٹ رامحال میں مقامی خواتین بنگس وادی کے جنگل میں سبزیاںجمع کرنے کیلئے معمول کے مطابق گئیں تھیں جس کے دوران49سالہ سارہ بیگم اور اسکی جواں سال 20سالہ بیٹی گلنازہ اختر بھی گئی ہوئی تھیں۔جنگل میں سبزیاں جمع کرنے کے دوران ماں بیٹی نے بارودی شل بھی یہاں پایا تھا جسے وہ گھر لے آئے اور گھر میں جونہی سبزیاں صاف کرنے کی کوشش کی گئی تو بارودی شل پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 20 سالہ گلنازہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ بیٹھی اور اس کی 49 سالہ والدہ کو زخمی حالت میں ضلع اسپتال ہندوارہ اور اسکے بعدصدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔سارہ بیگم کی حالت گزشتہ دو روز سے نازک بنی ہوئی تھی اور ہفتہ کی صبح زخموں کی تاب نا لاکر زندگی کی جنگ ہار گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ پچھلے سال اس علاقے میں ہندوپاک افواج کے درمیان گولہ باری کے دوران کئی بارودی شل اس علاقے میں بھی گرے تھے، جن میں سے ایک پھٹنے سے رہ گیا ، جسے مذکورہ خواتین گھر لے آئی تھیں۔