عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //لوک سبھا میں کل اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان ’وی بی-جی رام جی‘ بل کو منظوری مل گئی۔ ایک طرف مودی حکومت نے ’منریگا‘ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹا دیا ہے، دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بڑا اعلان کر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت دیہی روزگار گارنٹی منصوبہ ’کرم شری‘ کا نام بدل کر مہاتما گاندھی کے نام پر رکھے گی۔ممتا بنرجی نے ’بزنس اینڈ انڈسٹری کنکلیو‘ میں بی جے پی کا براہ راست نام لیے بغیر کہا کہ اگر کچھ سیاسی پارٹیاں ہماری قومی علامتوں کا احترام کرنے میں ناکام رہتی ہیں، تو ہم ان (علامتوں) کا احترام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے کہ انھوں نے منریگا پروگرام سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اب بابائے قوم کو بھی فراموش کر رہے ہیں۔ اب ہم اپنی ریاست کے ’کرم شری‘ منصوبہ کا نام مہاتما گاندھی کے نام پر رکھیں گے۔ ’کرم شری‘ منصوبہ کے تحت حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ استفادہ کنندگان کو 75 دنوں تک کا کام دیتی ہے، اس کے باوجود کہ مرکزی حکومت منریگا کے تحت فنڈ روک رہا ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست کا ہدف مستقبل میں ’کرم شری‘ کے تحت کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 100 کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے پہلے ہی ’کرم شری‘ کے تحت بہت سارے کام کے دن بنائے ہیں، جسے ہم اپنے وسائل سے چلا رہے ہیں۔ اگر مرکزی فنڈ بند بھی ہو جاتے ہیں تو ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کو کام ملے۔ ہم بھکاری نہیں ہیں۔‘‘