یواین آئی
ریاض/فٹ بال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی گول اسکورنگ مشین کو تھمنے نہ دیا اور سعودی پرو لیگ میں اپنے کیریئر کا 960 واں گول داغ کر النصر کو ایک اور یادگار فتح دلا دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی النصر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہوگئی ہے ، جس سے لیگ لیڈر الہلال اور ان کے درمیان پوائنٹس کا فاصلہ مزید کم ہو گیا ہے ۔ دمام میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں النصر نے ‘دامک’ کو 2-1 سے شکست دی۔ میچ کا آغاز النصر کے لیے انتہائی جارحانہ رہا جب پانچویں ہی منٹ میں عبدالرحمن غریب نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ 40 سالہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے دوسرے ہاف کے آغاز میں اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے جواؤ فیلکس کے پاس پر ایک انتہائی مشکل زاویے سے گول اسکور کر کے اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ یہ رواں سیزن میں رونالڈو کا 16واں گول ہے ، جس کی بدولت وہ لیگ کے ٹاپ اسکورر بن چکے ہیں۔ دامک کی ٹیم نے 68 ویں منٹ میں جمال ہارکاس کے گول کے ذریعے واپسی کی کوشش کی، لیکن النصر کے مضبوط دفاع نے انہیں مزید موقع نہ دیا اور میچ اپنے نام کر لیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں رونالڈو نے ایک اور گیند جال میں پہنچائی تھی، تاہم اسے ‘آف سائیڈ’ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ رونالڈو نے النصر کے لیے آخری 10 میں سے 9 ‘اوے ‘ میچز میں گول اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ برقرار رکھا ہے ۔