یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ پریاگ راج میں گنگا، جمنا اور غیر مرئی سرسوتی کے تروینی سنگم میں منعقد ہونے والے مہاکمبھ نے آج کی بکھری ہوئی دنیا میں ہندوستان کے اتحاد اور قومی شعور کا بہت بڑا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قومی شعور اور تنوع میں اتحاد کو فروغ دیتے رہیں ۔ مودی نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران مہا کمبھ پر بیان دیا۔ مودی نے کہا ’’آج میں اس ایوان کے توسط سے ملک ان کروڑوں لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کی وجہ سے مہا کمبھ کا انعقاد کامیابی سے ہوا ہے، میں سماج کے عقیدت مندوں اور حکومت کے تمام کرم یوگیوں ، خاص طور پر پریاگ راج کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔وزیراعظم نے کہا ’’ہم سب جانتے ہیں کہ گنگا جی کو دھرتی پر لانے کے لئے زبردست کوشش ہوئی تھی ، ویسی ہی اہم کوشش اس مہاکمبھ کے انعقاد میں ہم نے دیکھی ہے ۔ میں نے لال قلعہ سے سب کا پریاس کی اہمیت پر زور دیا تھا ۔ پوری دنیا نے مہا کمبھ کی شکل میں ہندوستان کے عظیم چہرے کا نظارہ کیا۔ سب کا پریاس کی یہی اصل شکل ہے یہ جنتا جناردن کے عہد کیلئے عوام کی عقیدت سے بھرپور مہاکمبھ تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے سال اجودھیا میں رام مندر پران پرتیشٹھا کی تقریب میں ہمیں احساس ہوا کہ ملک کس طرح ایک ہزار سال کی تیاری کر رہا ہے۔ ٹھیک ایک سال بعد مہا کمبھ کی تنظیم نے ہم سب کی اس سوچ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ملک کا یہ اجتماعی شعور ملک کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ مودی نے کہا کہ انسانی زندگی کی تاریخ میں ایسے موڑ آتے ہیں جنہیں صدیوں یاد رکھا جاتا ہے، ایسے لمحات آتے ہیں جو ملک کو نئی سمت دیتے ہیں اور بیداری برپا کرتے ہیں۔ بھکتی کی تحریک میں ہندوستان کا روحانی شعور پھر سے بیدار ہوا۔ شکاگو میں سوامی وویکانند کی تقریر نے ہندوستانیوں کے ذہنوں میں اپنی ثقافت کے تئیں عزت نفس اور فخر کا جذبہ بیدار کیا۔ پریاگ راج مہا کمبھ بھی ایک ایسا ہی بڑا اجتماع تھا جس میں ملک کی ثقافت کے تئیں فخر اور عزت نفس کے جذبات بیدار ہوئے۔ مودی نے کہا’’یہ جوش اور جذبہ گزشتہ ہفتے ماریشس میں تھا اور میں نے جب ماریشس میں گنگا کے تالاب میں پانی ملایا ، تو یہ منظر دیکھنے کے قابل تھا اور اس کا جشن منایا جا رہا تھا‘‘۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح روایتیں نسل در نسل منتقل ہو رہی ہیں۔ نوجوان نسل مہا کمبھ کی تقریبات سے عقیدت کے ساتھ جڑی رہی۔ جب سماج میں وراثت پر فخر کا جذبہ بڑھتا ہے تو ایسی تصویریں بنتی ہیں جو مہا کمبھ میں دیکھی گئی تھیں۔ کسی کی وراثت سے تعلق کا احساس ایک اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہا کمبھ سے کئی امرت نکلے ہیں۔ اتحاد اس کی مقدس پیشکش ہے۔ سنگم میں نہانے کے بعد ملک کے کونے کونے سے لوگ ایک ہو گئے۔ مختلف بولیاں بولنے والے لوگ ہر ہر گنگا کے نعرے لگاتے ہوئے سنگم کے کنارے ایک ہو گئے۔ چھوٹے اور بڑے میں کوئی فرق نہیں تھا۔ اس سے ہندوستان کی زبردست طاقت ظاہر ہوئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ ملک کے اندر اتحاد کا ایک بہت مضبوط نظام موجود ہے، جو اس میں گھسنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا، “آج دنیا انتشار کا شکار ہے اور اس دوران ہندوستان میں اتحاد کا زبردست مظاہرہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تنوع میں اتحاد کو فروغ دیتے رہیں‘‘۔ مودی نے کہا کہ انہیں اس مہا کمبھ سے تحریک ملی ہے۔ ملک میں بہت سے چھوٹے بڑے دریا ہیں۔ آپ کو اس بارے میں ضرور سوچنا چاہئے۔ دریاں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔