عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاںمیں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر بڑے پیمانے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کارروائی تاحال جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیمیں علاقے میں چھپے مشتبہ ملی ٹینٹس کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائی انجام دے رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی سطح پر کچھ مشتبہ سرگرمی دیکھے جانے کے بعد فورسز کو الرٹ کیا گیا، جس کے بعد فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کو ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) برآمد ہوا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔برآمد شدہ آئی ای ڈی کو فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ اس کی تکنیکی جانچ اور محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔ ماہرین کی ٹیم موقع پر پہنچ کر دھماکہ خیز مواد کو کنٹرولڈ طریقے سے تباہ کرنے کی کارروائی میں مصروف ہے۔احتیاطی تدابیر کے طور پر پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے تاکہ شہری آبادی کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک مکمل تلاشی مکمل نہیں ہو جاتی، آپریشن جاری رہے گا۔انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ علاقے میں سخت نگرانی جاری ہے جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔