کاکہ پورہ میں سی آر پی ایف کو اراضی کی منتقلی کیخلاف احتجاج

 سر ینگر//پلوامہ کے مضافات اوکھو کاکاپورہ میں سی آر پی ایف کو زمین منتقل کرنے کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔لوگ مطالبہ کررہے تھے کہ سرکار اس فیصلے پرنظر ثانی کرکے لوگوں کے احساسات اور جذبات کا احترام کریں۔اس دوران بی جے پی کی اعلی قیادت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ سرکار کے اس فیصلے کو منسوخ کرنے کیلئے پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لیکر کوئی حل تلاش کریں گے جس کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہوگئے۔سی این ایس کے مطابق پلوامہ کے اوکھو کاکاپورہ میں سینکڑوں لوگوں نے انصاف دو،فیصلے کو واپس لو،کے نعرے بلند کرتے ہوئے سرکار کے اس فیصلے کو واپس لینے کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ پندرہ روز قبل انتظامیہ نے اس علاقے میں قریبا ایک سو کنال زمین کی نشاندہی عمل میں لائی۔ان کا کہنا تھا کہ اس اراضی پر سی آر پی ایف کے ایک بڑے کیمپ کا بندو بست عمل میں لایا جارہا ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی گردنیں پیش کریں گے،لیکن سرکار کو اس اراضی پر سی آر پی ایف کالونی قائم کرنے کا موقعہ کبھی نہیں دیں گے۔اس دوران سینکڑوں لوگوں نے سرکار کے اس فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے،مظاہرین سرکار سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ اس فیصلے کو واپس لیکر لوگوں کے جذبات و احساسات کا احترام کریں۔ادھر بی جے پی کی مقامی قیادت نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اس فیصلے کو مرکزی قیادت کے ساتھ اٹھائیں گے۔دریں اثنا مقامی پنچایت کمیٹی نے بھی اس فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکار سے اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی پنچایت کمیٹی کے غلام حسن پنڈت،روبینہ اختر اور غلام محی الدین نے بھی اس احتجاج میں شمولیت کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور مرکزی و یوٹی انتظامیہ کو دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے اس سے قبل علاقے کے لوگوں نے مظاہرے کیے تھے جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کا استعمال عمل میں لایا تھا۔