عظمیٰ نیوز سروس
درگائوں(آسام)// وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو الزام لگایا کہ کانگریس نے آسام میں امن قائم نہیں ہونے دیا لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے اسے بحال کیا، بنیادی ڈھانچہ تیار کیا اور شمال مشرقی ریاست کے نوجوانوں کیلئے روزگار کو یقینی بنایا۔امیت شاہ یہاں لچیت بارفکن پولیس اکیڈمی کا افتتاح کرنے کے بعد بات کر رہے تھے۔انہوں نے کہا’’ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ریاست میں امن کی واپسی کے ساتھ آسام میں 10,000سے زیادہ نوجوانوں نے ہتھیار ڈال دئے ہیں اور مرکزی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔شاہ نے کہا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت آسام میں 3لاکھ کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے لائے گی اور اس کے علاوہ ریاست میں حالیہ کاروباری سربراہی اجلاس میں 5لاکھ کروڑ روپے کی مجوزہ سرمایہ کاری کرے گی۔وزیر داخلہ نے زور دیکر کہا’’آسام میں پولیسنگ پہلے دہشت گردوں سے لڑنے کیلئے تھی لیکن اب یہ عوام پر مرکوز ہے اور اس کی وجہ سے سزا سنانے کی شرح پچھلے تین سالوں میں 5فیصد سے بڑھ کر 25فیصد ہو گئی ہے۔ یہ جلد ہی قومی اوسط کو عبور کر لے گا‘‘۔شاہ، جو آسام اور میزورم کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے یہ بھی کہا کہ لچیت پولیس اکیڈمی اگلے پانچ سالوں میں سب سے اعلیٰ اکیڈمی بن جائے گی، جس میں مرحلہ وار 1,050کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔