سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے ہندوستان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو انکی 30 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لئے ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے کا۔ ایک بیان میں کانگریس نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ہندوستان کو ایک ابھرتی ہوئی طاقت بنانے کے لئے انتھک محنت کی تھی اور انکی کاوشوں کو ملک کے ہر ایک شخص نے سراہا جبکہ پارٹی نے کہا کہ ملک میں ٹیکنالوجی اور ترقی کا دور شروع کرنے کا اعزاز بھی سابق وزیراعظم کو ہی حاصل تھا۔بیان کے مطابق کانگریس پارٹی نے سابق وزیراعظم کی 30 ویں برسی پر ملک بھر میں ضرورتمند لوگوں میں میڈیکل کٹ ، کھانے پینے کی اشیاء اور ماسک کی وسیع پیمانے پر تقسیم کاری کا اہتمام کرکے راجیو گاندھی کی برسی منانے کا فیصلہ کیا۔بیان میں کہا گیا کہ راجیو گاندھی کی برسی پر جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں اس موقع پر زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور کانگریس عہداروں نے کوویڈ مریضوں اور دیگر مستحق غریب لوگوں کومختلف طریقوں سے امداد فراہم کی۔جے کے پی سی سی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ راجیو گاندھی کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس کی وجہ سے ملک اور عوام امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔غلام احمد میر نے کہا کہ بھارت رتن اعزاز حاصل کرنے والے راجیو گاندھی سیاسی بصیرت رکھنے کے ساتھ ساتھ وعدہ نبھانے والے انسان تھے جنہوں نے جامع ترقی کے سلسلے میں مختلف مراحل پر اہم اقدامات کرتے ہوئے ہندوستان کو دنیا میں ایک تیز رفتار ترقی پذیر ملک بنانے کے لئے پوری کوشش کی جبکہ مرحوم نے نچلی سطح پر لوگوں کو بااختیار بنانے کے عمل کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں رکھا۔ادھر نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے راجیو گاندھی کو 30ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ راجیو گاندھی نے مواصلاتی انقلاب اور کمپوٹرائزیشن کے فروغ کے ذریعے ملک کو جدیدیت کی طرف گامزن کرنے کے علاوہ حق رائے دہی کی عمر 21سے 18کی اور پنچایت راج کی بنیاد رکھنے کے علاوہ دیگر کئی انقلابی اور تاریخی اقدامات کئے۔آنجہانی نے بحیثیت وزیر اعظم جو اقدامات کئے وہ اگلی صدیوں میں ہندستان کی ترقی اور ہر شعبہ میں آگے بڑھانے کیلئے لازمی تھے۔اُن کے دورِ حکومت میں ملک نے جدیدکاری کی طرف سے ایک بڑی چھلانگ لگائی اور اختیارات کو نچلی سطح تک لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کو ملک کو 21 ویں صدی کی طرف لے جانے کی کوششوں کے لئے یاد رکھا جائے گا۔وہ ایک ایسے شخص تھے جنہیں ملک کو درپیش مسائل کی گہری سمجھ تھی اور وہ سیکولر میں یقین رکھنے والے لیڈر تھے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال،صوبائی صدر ناصر اسلم اور اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعود نے بھی راجیو گاندھی کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔