عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کی اتحادی پارٹی پردیش کانگریس نے 20جولائی کے جنترمنتر احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ پردیش کانگریس کے سابق صدر اور اسمبلی میں پارٹی کے لیڈر غلام احمد میرنے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی جماعت 20جولائی کے جنترمنتر احتجاج میں شرکت کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ کانگریس نے روزاول سے ہی جموں وکشمیر کو چھینے گئے آئینی حقوق کی ہر محاذ پر نمائندگی کی ہے ۔غلام احمد میرنے کہاکہ 2024کے اسمبلی انتخابات میں جموں وکشمیرکے عوام نے اسی اُمید اور مطالبے کیساتھ ووٹ ڈالے کہ اس خطے کی ریاستی حیثیت کو بحال کیاجائے گا اور یہاںکے لوگ خوداپنے فیصلے لے سکیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ہماری پارٹی نے گزشتہ سال ریاست ہمار احق نام کی مہم چلائی اور ہم نے سبھی جماعتوںکو شرکت کی دعوت دی تھی ۔غلام احمد میرنے کہاکہ ہمیں یہ نہیں دیکھنا چاہئے کہ کس نے آپ کی دعوت قبول کی اور کس نے نہیں ۔غلام احمد میرنے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ کانگریس پارٹی نیشنل کانفرنس کے مجوزہ 20جولائی کے جنترمنتر احتجاج میں شرکت کرے گی۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ 19جولائی کو جموںمیں کانگریس کا ریاستی حیثیت کے مطالبے کو لیکرایک بڑا پروگرام ہوگا اور پھر یہ فیصلہ لیاجائے گاکہ 20جولائی کے دہلی احتجاج میں کون شرکت کرنے جائے گا۔