کالاکوٹ میں مکان ڈھہ گیا،نوجوان ہلاک، دوسرا شدید زخمی

راجوری//کرال کالاکوٹ میں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہونے سے 14سالہ لڑکا لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا شہری زخمی ہوا۔ کرال میں   اچانک رہائشی مکان زمین بوس ہوا اورملبے کے نیچے 14سالہ ونے کمار ولدسندر سنگھ اور 16سالہ وجے کمار ولد بابو رام زندہ دب گئے ۔حادثہ کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی شروع کی اور دونوں لڑکوں کو باہر نکال کر اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ڈاکٹروںنے ونے کمار کو مردہ قرار دیا جبکہ وجے کمار کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کیلئے ضلع اسپتال راجوری منتقل کیا گیا ہے ۔ضلع انتظامیہ نے مہلوک کمسن کے لواحقین کو ایک لاکھ روپے فوری امداد فراہم کی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی سی کالا کوٹ خالد حسین نے موقعہ واردات کا دورہ کیا اور متاثرہ کنبہ کو امداد فراہم کی ۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ نے منہدم مکان کی تعمیر نو کے لئے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت معائوضہ کو بھی منظوری دی ہے ۔